پاکستانی خاتون نیوز اینکر ربیعہ احسن کا گھر میں قتل، شوہر گرفتار، دو کمسن بیٹیاں ماں سے محروم
راولپنڈی: پاکستان کے شہر راولپنڈی میں خانگی ٹی وی چینل 92 نیوز کی معروف خاتون اینکر اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن کو ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ 41 سالہ رابیعہ کی نعش گھر کے بیڈروم سے دستیاب ہوئی۔ پولیس نے واقعہ کے سلسلے میں ان کے شوہر احسن طاہر کو گرفتار کرلیا ہے اور قتل میں استعمال ہونے والا پستول بھی ضبط کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ پر پیش آیا۔ رابیعہ احسن کو گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی۔ فائرنگ کے وقت ان کی والدہ اور بہن گھر میں موجود تھیں، جبکہ ان کی دو بیٹیاں گھر کے لان میں اپنی نانی کے ساتھ تھیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شوہر احسن طاہر نے پولیس کو بتایا کہ وہ پستول کے ساتھ مصروف تھا کہ اچانک گولی چل گئی، جو رابیعہ کو جا لگی۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسے معلوم نہیں تھا کہ پستول میں گولی موجود ہے۔ تاہم پولیس اس بیان کی جانچ کررہی ہے اور واقعہ کو محض حادثہ قرار نہیں دیا گیا ہے۔
مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی شکایت پر صدر بیرونی پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور کا پستول اور گولیاں ضبط کی ہیں۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے مقام واردات سے شواہد اور نمونے حاصل کرکے جانچ کے لیے روانہ کردیئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق رابیعہ احسن تقریباً 14 سال قبل احسن طاہر سے شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں جن کی عمریں 13 اور 11 سال بتائی گئی ہیں۔ ان کے شوہر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں گریڈ 18 کے افسر ہیں۔ رابیعہ اسلام آباد میں ایک بیوٹی سیلون بھی چلاتی تھیں۔
رابیعہ احسن صحافتی حلقوں میں ایک معروف چہرہ تھیں۔ انہوں نے 92 نیوز کے علاوہ ماضی میں ہم ٹی وی کے ساتھ بھی کام کیا تھا اور سینئر صحافی عامر متین اور رؤف کلاسرا کے ساتھ حالات حاضرہ کے پروگرام کی میزبانی بھی کی تھی۔
ان کے قتل پر پاکستان کی صحافتی برادری میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اسی شہر میں چند ماہ قبل قتل کی گئی ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ خاتون حنا جاوید کے واقعہ کا بھی حوالہ دیا اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات اور واقعہ کی اصل صورتحال جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



