نیشنل

 سپریم کورٹ نے اعظم خان کی عبوری ضمانت برقرار رکھی، ای ڈی کی اپیل مسترد

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو بڑی راحت دیتے ہوئے محمد علی جوہر یونیورسٹی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں انہیں الہ آباد ہائی کورٹ سے حاصل ہونے والی عبوری ضمانت برقرار رکھی ہے۔

 

عدالت عظمیٰ نے اس ضمانت کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی اپیل مسترد کردی۔بار اینڈ بنچ کی رپورٹ کے مطابق جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے پر مشتمل بنچ نے ای ڈی کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عبوری حکم ہے اس لیے عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی۔

 

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ہائی کورٹ کے مشاہدات ابتدائی نوعیت کے ہیں اور مقدمے کا حتمی فیصلہ کرتے وقت ان کا اثر ہونا ضروری نہیں ہے۔واضح رہے کہ اعظم خان کو 17 نومبر کو الہ آباد ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ پر مشتمل بنچ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ

 

ایک دوسرے مقدمے میں رہائی کے بعد جیل کے دروازے پر ہی اعظم خان کو گرفتار کیا جانا ای ڈی کی کارروائی کے مقصد اور بدنیتی کو واضح کرتا ہے۔عدالت نے یہ بھی مشاہدہ کیا تھا کہ اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات اور مبینہ جرائم میں ان کے ملوث ہونے کی تفصیلات ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کرنے سے پہلے یا اس سے قبل کسی بھی وقت تحریری طور پر فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

 

اعظم خان اور ان کے فرزند عبداللہ اعظم پہلے دو پین کارڈ سے متعلق مقدمے میں جیل میں تھے۔ اس معاملے میں انہیں 29 اکتوبر کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی تھی تاہم 31 اکتوبر کو جیسے ہی اعظم خان جیل سے باہر آئے ای ڈی نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔ای ڈی کی یہ کارروائی محمد علی جوہر یونیورسٹی سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں کی گئی تھی۔

 

اس مقدمے میں الزام ہے کہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کے لیے کسانوں کی زرعی اراضی پر مبینہ طور پر زبردستی قبضہ کیا گیا تھا۔ای ڈی نے اعظم خان اور دیگر افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات 2019 میں اترپردیش پولیس کی جانب سے درج کی گئی تقریباً 26 ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی تھیں۔

 

ای ڈی کا الزام ہے کہ سرکاری کاموں کے لیے فراہم کی جانے والی رقم اور سامان یونیورسٹی منتقل کیا گیا، سرکاری کام یونیورسٹی کے نجی احاطے میں انجام دیے گئے اور سرکاری ٹھیکے حاصل کرنے والے کنٹراکٹرس سے حاصل ہونے والی رقم عطیہ کے طور پر محمد علی جوہر ٹرسٹ کو واپس منتقل کی گئی۔

 

رجیل سے رہائی کے بعد اعظم خان نے کہا تھا کہ ان پر جتنا ظلم کیا جاسکتا تھا وہ سب کیا گیا انہوں نے کہا تھا کہ اب انتخاب نہیں بلکہ انقلاب ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button