15 کروڑ کا سالانہ کاروبار، کروڑوں کی دولت چھوڑ کر پورا خاندان سنیاسی بننے تیار

سورت: کروڑوں روپے کے سالانہ کاروبار اور آسائشوں بھری زندگی کو خیرباد کہتے ہوئے ایک تاجر اور اس کے افراد خاندان نے جین مذہب کی سنیاس زندگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گجرات کے سورت شہر سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ تاجر دلیپ بھائی بھوگر، ان کی 45 سالہ اہلیہ جیوتی بین، 22 سالہ بیٹی چھوی اور 14 سالہ بیٹی چاروِی آئندہ سال 8 فروری کو سورت میں جین دیکشا (سنیاس) اختیار کریں گے۔
دلیپ بھائی کئی سال قبل سورت منتقل ہوئے تھے، جہاں انہوں نے بتدریج اپنے کاروبار کو وسعت دیتے ہوئے سالانہ 15 کروڑ روپے کے کاروبار تک پہنچایا۔ اسی دوران ان کی ملاقات ایک جین مذہبی پیشوا سے ہوئی، جس کے بعد ان کی جین مذہب سے دلچسپی بڑھتی گئی اور وہ سنیاس کی زندگی کی جانب راغب ہوگئے۔ ان کی تیسری بیٹی شائلی پہلے ہی 2023 میں جین دیکشا اختیار کرچکی ہے۔
سنیاس زندگی اختیار کرنے سے قبل دلیپ بھائی، ان کی اہلیہ اور دونوں بیٹیوں نے کچھ عرصہ جین سنیاسیوں کے ساتھ گزارا اور اس طرزِ زندگی کو قریب سے سمجھا۔ اس دوران انہوں نے پیدل سفر، غذائی پابندیوں، روزمرہ مذہبی معمولات اور سنیاسی زندگی کی سختیوں کی مشق کرتے ہوئے خود کو اس کے لیے تیار کیا۔



