ڈاسنا جیل سے رامپور تک اعظم خان کا شاندار استقبال – سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس کے ساتھ رہائش گاہ پہنچے، راستے بھر پھولوں کی بارش
رامپور، 19 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور اترپردیش کے سابق وزیر محمد اعظم خان کو تقریباً ایک سال بعد غازی آباد کی ڈاسنا جیل سے رہائی مل گئی۔ الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کے ایک مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کئے جانے کے بعد بدھ 18 نومبر کی شام انہیں رہا کردیا گیا۔ رہائی کے بعد اعظم خان بڑے قافلے کے ساتھ اپنے آبائی شہر رامپور پہنچے، جہاں سینکڑوں حامیوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور ’اعظم خان زندہ باد‘ اور ’دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا‘ کے نعرے لگائے۔
اعظم خان کی رہائی کے موقع پر ان کے دونوں بیٹے عبداللہ اعظم اور ادیب اعظم ڈاسنا جیل پہنچے تھے۔ جیل کے باہر بھی 600 سے زائد حامی جمع تھے۔ رہائی کے قانونی مراحل کی تکمیل کے بعد انہیں دو، 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرنے کی شرط پر رہا کیا گیا۔ ان کے قافلے میں 100 سے زائد گاڑیاں شامل تھیں۔ راستے میں مختلف مقامات اور ٹول پلازہ پر سماج وادی پارٹی کارکنوں نے پھولوں کی بارش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ رامپور میں ان کی رہائش گاہ کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا اور حامیوں نے آتش بازی کے ذریعہ خوشی کا اظہار کیا۔ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم نے اس موقع پر ’ٹائیگر از بیک‘ کا نعرہ لگایا۔
اعظم خان کو 31 اکتوبر کو رامپور جیل سے ایک مقدمے میں ضمانت پر رہائی ملی تھی، تاہم یکم نومبر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی اور جوہر ٹرسٹ سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا تھا اور غازی آباد کی ڈاسنا جیل منتقل کردیا تھا۔ ای ڈی کی تحویل میں چار دن گزارنے کے بعد انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔
الہ آباد ہائی کورٹ نے 17 نومبر کو اس مقدمے میں اعظم خان کو عبوری ضمانت دیتے ہوئے ان کی گرفتاری کے قانونی طریقہ کار میں بادی النظر میں خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت 10 دسمبر کو مقرر کی ہے۔ ای ڈی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا، تاہم سپریم کورٹ نے فوری طور پر رہائی روکنے سے انکار کردیا۔
رہائی کے بعد رامپور پہنچ کر اعظم خان نے بی جے پی اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب انتخابات ذات اور مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ عوامی مسائل پر لڑے جائیں گے۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ ’’اب انتخاب نہیں، انقلاب ہوگا، تبدیلی نہیں، سیلاب ہوگا۔‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وہ مافیا ہیں؟ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بچوں کے لئے اسکول اور یونیورسٹی قائم کی ہے۔ ان کے اس بیان کو سیاسی حلقوں میں اہمیت دی جارہی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی اعظم خان کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی سے انصاف پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ اعظم خان کی واپسی کو اترپردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخابات سے قبل سماج وادی پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔



