تاملناڈو میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی کنویں سے نعشیں برآمد، علاقہ میں سنسنی

کارور: تاملناڈو کے ضلع کارور میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی کنویں سے نعشیں برآمد ہونے پر علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ مہلوکین میں ایک معمر جوڑا، ان کی بیٹی اور دو کمسن بچے شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کارور کے قریب چنا کلی پالائم گاؤں میں پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت 63 سالہ راماسامی، ان کی 60 سالہ اہلیہ جانکی، 35 سالہ بیٹی سکونا اور اس کے دو بچوں 10 سالہ شیوَانی اور 4 سالہ ادھیرن کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سکونا اور اس کے شوہر پربھو کے درمیان خاندانی تنازعہ چل رہا تھا۔ دیوالی کے بعد شوہر سے جھگڑے کے باعث سکونا اپنے دونوں بچوں کے ساتھ والدین کے گھر واپس آگئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے اپنے والدین کو ازدواجی زندگی میں پیش آنے والے مسائل سے واقف کروایا تھا۔
چہارشنبہ کی شام پڑوسیوں نے گھر کے قریب واقع کنویں میں پانچوں کی لاشیں دیکھیں اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو کنویں سے باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری میڈیکل کالج اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس واقعہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کررہی ہے۔ ابتدائی طور پر خاندانی تنازعہ کو ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم واقعہ کی مکمل حقیقت تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی



