Uncategorized

بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں نظام آباد شہر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ، تھوڑی بارش سے شہر کا ہورہا ہے برا حال : محمد علی شبیر

نظام آباد ۔/13 نومبر، ( اردولیکس) نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار و سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ نظام آباد شہر میں تھوڑی بارش سے شہر کی سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو جاتی ہیں اور خاص طور پر سلم علاقوں میں رہنے والے غریبوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے

 

انہوں نے اتوار کی رات نصیر ہوٹل چوراہے پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد نظام آباد شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے 10 سالہ دور میں شہر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جیل بھیج دیا جا رہا ہے انھوں نے کہا کہ کانگریس کے میناریٹی ڈیکلریشن پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کے ٹی آر اور ہریش راؤ گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں۔

 

محمد علی شبیر نے کہا کہ مسلم ڈیکلریشن سے بی آر ایس خوفزدہ ہے اور اسے یقین ہوچکا ہے کہ مسلمان کانگریس کی تائید کریں گے لہذا بی سی طبقات میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال تک ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ میں اضافہ کا خیال نہیں آیا لیکن میناریٹی ڈیکلریشن کے ساتھ ہی کے ٹی آر نے ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کو ماہانہ 10 ہزار کرنے کا اعلان کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کی بی آر ایس کی مخالفت غیر ضروری ہے۔ مختلف طبقات کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کیلئے سروے کیا جائے گا تاکہ آبادی کے اعتبار سے سرکاری اسکیمات میں حصہ داری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے مسئلہ پر بی جے پی، بی آر ایس کا ایک موقف ہے محمد علی شبیر نے کہا کہ کے سی آر نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا لیکن دس سال میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ کانگریس نے تعلیم اور روزگار میں 4 فیصد تحفظات فراہم کئے جس سے لاکھوں مسلم طلبہ کو فائدہ پہنچا۔

 

بی آر ایس نے میناریٹیز بندھو کے تحت ایک لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا جس میں 30 فیصد کمیشن حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے عین قبل ایک لاکھ روپئے کی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے محدود تعداد میں رقم جاری کی گئی۔ میناریٹی ڈیکلریشن پر کانگریس پارٹی برسراقتدار آتے ہی عمل کرے گی اور اقلیتوں کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگااس پروگرام میں نوجوانوں اور عوام کی ایک کثیر تعداد موجود تھی

متعلقہ خبریں

Back to top button