انٹر نیشنل

حج 2024 تیاریاں مکمل۔ عازمین 7700 پروازوں سے مملکت پہنچیں گے

ریاض ۔ کے این واصف

حج کی تیاریوں پر تقریباُ پورا سال کام ہوتاہے۔ ایک ماہ قبل سارے انتظامات مکمل کرلئے جاتے ہیں۔ سالانہ بنیاد پر اتنے بڑے انتظامات کی دنیا میں کہیں نظیر نہیں ملتی۔ سعودی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ حج سیزن 2024 کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔عازمین حج بری، بحری اور فضائی راستے سے مملکت پہنچیں گے۔سعودی خبررساں ادارے “ایس پی اے” کے مطابق سعودی سول ایوی ایشن جنرل اتھارٹی نے بتایا کہ اس سال مملکت کے چھ ایئرپورٹس پر عازمین کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں۔

 

اتھارٹی کا کہنا ہے عازمین حج کے لیے جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مدینہ منورہ کا امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، شہزادہ عبدالمحسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ ینبع اور شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام مختص ہیں۔سات ہزار 700 پروازوں کے ذریعے عازمین مملکت پہنچیں گے۔ 3.4 ملین نشستیں موجود ہیں۔“مطارات ہولڈنگ” کا کہنا ہے 6 ایئرپورٹس کے 13 لاؤنجز کو عازمین کے لیے مختص کیا گیا ہے جہاں 21 ہزار سے زائدعملہ متعین ہے۔سعودی ایئرلائن 150 پروازوں پر 1.2 ملین سے زائد نشستیں عازمین حج کے لیے مختص کیے ہوئے ہے۔

 

سعودی ریلوے “سار” کا کہنا ہے 9 ٹرین اسٹیشن جن میں منی، مزدلفہ اور عرفات شامل ہیں حجاج کی نقل و حرکت کو آسان بنایا گیا ہے۔ تقریبا 2 ہزار ٹرپس کے لیے 17 ٹرینیں تیار کی جاچکی ہیں۔ حرمین ٹرین پانچ اسٹیشنوں کے ذریعے حج سیزن میں 3800 سے زیادہ ٹرپس کے لیے تیاری کرچکی ہے۔سار کا کہنا ہے ٹرینوں کی آمد ورفت اور سفر کے اوقات کے حوالے سے اسمارٹ فون پرعازمین کو الرٹ بھی جاری کیا جائے گا۔جنرل پورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ جدہ اسلامی بندرگاہ پر حج سیزن کے دوران 10 ہزار عازمین کی آمد متوقع ہے۔

 

جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی حج سیزن کے لیے مکمل تیاری کا اعلان کیا ہے اتھارٹی کا کہنا ہے 27 ہزار سے زائد بسیں اور 5 ہزار ٹیکسیاں عازمین حج کی آمد ورفت کے لیے مختص ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button