جرائم و حادثات

ایک ہی خاندان کے 5 افراد سڑک حادثہ میں جاں بحق – مرنے والوں میں چار بچے بھی شامل

لکھنؤ _ 3 جولائی ( اردو لیکس) اتر پردیش کے ضلع ہاپوڑ میں  ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو صدمے میں مبتلا کر دیا۔

 

اس خوفناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 معصوم بچوں سمیت 5 افراد کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سبھی لوگ سوئمنگ پول سے نہا کر ایک ہی بائیک پر سوار ہوکر واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔ پولیس نے حادثے میں ملوث کینٹر کو قبضے میں لے لیا ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ہاپوڑ کے نگر پولیس اسٹیشن  علاقے کے محلہ مجید پورہ کے رہائشی دانش اپنے خاندان کے 4 بچوں کے ساتھ سوئمنگ پول میں نہانے کے بعد بائیک پر واپس آ رہے تھے، جبکہ دیگر رشتہ دار الگ گاڑیوں پر تھے۔ حادثہ حفیظ پور علاقے کے بلندشہر روڈ پر اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کینٹر نے پیچھے سے بائیک کو زوردار ٹکر مار دی۔

 

ٹکر اتنی شدید تھی کہ بائیک سوار سبھی لوگ سڑک پر گر گئے اور کینٹر نے انہیں کچل دیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔  پولیس فورس موقع پر پہنچی اور ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہاسپٹل لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے سب کو مردہ قرار دے دیا۔

 

جاں بحق ہونے والوں میں 10 سالہ سمایرا، 11 سالہ مایرا، 8 سالہ سمر (بیٹا سرتاج)، اور 9 سالہ ماہم (بیٹا وکیل) شامل ہیں جبکہ بائیک چلانے والے 36 سالہ دانش بھی فوت ہو کے۔ جیسے ہی حادثے کی خبر پھیلی، ہاسپٹل میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی،

 

ہر طرف غم و اندوہ کا ماحول چھا گیا اور لوگ دعائیں مانگتے رہے ۔ اس حادثے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔ ہاپوڑ کے اے ایس پی ونت بھٹنار نے بتایا کہ دانش بائیک پر چار بچوں کے ساتھ سوئمنگ پول سے واپس آ رہے تھے کہ ہائی وے پر تیز رفتار کینٹر نے انہیں ٹکر مار دی۔

 

پولیس نے کینٹر کو ضبط کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بائیک سوار نے ہیلمیٹ بھی نہیں پہنا تھا۔ اس افسوسناک واقعے نے پورے ہاپوڑ میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button