انٹر نیشنل

آفریقی ملک مالی میں تین بھارتی شہریوں کا اغوا

مغربی افریقی ملک مالی میں تین ہندوستانی شہریوں کے اغوا کی سنگین واردات پیش آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سیمنٹ فیکٹری پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ اغوا کی اس کارروائی کے پیچھے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے منسلک گروہ شامل ہے۔

 

یہ واقعہ مغربی مالی کے "کائس” علاقہ میں واقع ڈائمنڈ سیمنٹ فیکٹری میں یکم جولائی کو پیش آیا، جب مسلح افراد نے فیکٹری پر حملہ کر کے وہاں کے متعدد مزدوروں کو یرغمال بنا لیا، جن میں تین بھارتی مزدور بھی شامل ہیں۔

 

دہشت گرد تنظیم جماعت نصرۃ الاسلام والمسلمین  نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ تاہم، ابھی تک اغوا کئے گئے بھارتی شہریوں کے نام یا تفصیلات کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

 

بھارتی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مالی کے دارالحکومت بماکو میں واقع بھارتی سفارت خانہ مقامی حکام اور فیکٹری انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اغوا شدہ افراد کے خاندانوں سے بھی رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

بھارت نے مالی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام مغویوں کی جلد اور محفوظ رہائی کے لئے مؤثر اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ، مالی میں مقیم تمام بھارتی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کسی بھی مدد کے لئے بھارتی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

وزارت خارجہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اغوا ہونے والے بھارتی شہریوں کو ممکنہ حد تک جلد اور بحفاظت واپس لانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button