ہندو تہواروں پر شناخت دیکھ کر مہندی لگوائیں اور بہن بیٹی کو بچائیں اتر پردیش میں نفرت انگیز مہم

نئی دہلی: ریاست اترپردیش کے میرٹھ میں مہندی کو لے کر ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا گیا ہے۔ میرٹھ کے کینٹ علاقے میں بالاجی مندر کے باہر لگایا گیا بڑا بینر موضوع بحث بن گیا ہے۔ اس بینر پر لکھا ہے کہ ہندو تہواروں پر شناخت دیکھ کر مہندی لگوائیں اور بہن بیٹی کو بچائیں۔
یہ بینر پورے میرٹھ میں اور سوشل میڈیا پر بھی نظر آرہا ہے۔ جس شخص نے بینر لگایا ہے وہ نرموہی اکھاڑہ کے مہامنڈلیشور مہندر داس مہاراج ہیں، انہوں نے بڑے حروف میں لکھا یہ بینر مندر کے مرکزی دروازے پر لگایا ہے۔ تہواروں کے دوران مہندی لگانے والوں کو اپنی شناخت ظاہر کرنی ہوگی اور نام کی تختیاں لگانی ہوں گی۔ اس بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے میرٹھ میں بینر بھی لگائے گئے ہیں۔
اب تک نام پلیٹ کا تنازع صرف کھانے پینے کو لے کر چل رہا تھا لیکن اب بات مہندی تک آ گئی ہے۔ میرٹھ میں مندر کے باہر لگائے گئے یہ پوسٹر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔