نیشنل

ٹی وی چینلوں پر مرکزی حکومت کی اہم ہدایات – مذہبی کشیدگی اور دہشت گردی کی راست نشریات پر انتباہ!

نئی دہلی: مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات نے ملک کے تمام نجی سیٹلائٹ ٹی وی چینلوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پروگراموں کی نشریات کے دوران کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورکس (ریگولیشن) ایکٹ 1995 کے تحت مقررہ پروگرام کوڈ پر سختی سے عمل کریں۔ وزارت نے واضح کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے چینلوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ذمہ دارانہ صحافت کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

 

وزارت نے خبروں کی نشریات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے، مذہبی معاملات میں احتیاط برتنے اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کی راست نشریات سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ تشدد کے مناظر نشر کرتے وقت احتیاط برتنے اور جنسی جرائم کے متاثرین کی شناخت ظاہر نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

 

وزارت نے کہا کہ ہندوستان کے نقشے نشر کرتے وقت مستند نقشوں کا استعمال کیا جائے۔ مذہبی کشیدگی کو ہوا دینے یا ملک مخالف جذبات کو فروغ دینے والے مواد کی نشریات سے بھی گریز کیا جائے۔

 

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے سلسلے میں بھی ٹی وی چینلوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خبروں اور دیگر پروگراموں کی تیاری میں اے آئی ٹولز استعمال کرتے وقت ادارتی نگرانی کو مضبوط بنانے اور نشر کئے جانے والے مواد کی صداقت و اعتبار کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

 

مرکزی وزارت نے واضح کیا کہ ٹیلی ویژن نشریات کے معیار، سماجی ذمہ داری اور قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام نشریاتی ادارے ان ہدایات پر فوری عمل کریں اور ذمہ دارانہ صحافتی اصولوں کی پابندی کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button