جیل سے رہا ہونے کے چند گھنٹوں بعد بیوی، بچوں اور نابالغ لڑکی سمیت 6 افراد کا قتل – تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع میں خون کی ہولی

پوکسو مقدمے کے انتقام میں 6 افراد کا بہیمانہ قتل، بیوی اور دو معصوم بچوں کو بھی نہیں بخشا

حیدرآباد: تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع کے شاباد منڈل کے دیوالا گوڑہ گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا قتلِ عام پیش آیا، جہاں ایک شخص نے پوکسو مقدمہ درج کروانے پر برہم ہوکر کی 6 افراد کو انتہائی بے دردی سے قتل کر دیا۔ مقتولین میں ملزم کی بیوی، اس کے دو کمسن بچے، ایک 17 سالہ نابالغ لڑکی، اس کی والدہ اور نانی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق دیوالا گوڑہ کے رہنے والے راج کمار کے خلاف 16 مئی کو ایک نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر پولیس نے 26 مئی کو راج کمار کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ جمعہ کے روز وہ ضمانت پر رہا ہو کر واپس آیا۔
ضمانت پر رہائی کے چند گھنٹوں بعد ہفتہ کی علی الصبح راج کمار نے پہلے اپنے گھر میں اپنی بیوی سریتا (33)، چار سالہ بیٹے پریکشت اور دو سالہ بیٹے دوی کشیت کا چاقو سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
اس کے بعد وہ شاباد کے پی آر آر اسٹیڈیم کے قریب واقع نابالغ لڑکی کے گھر پہنچا اور اسے زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران لڑکی کی والدہ لکشمی اور نانی رکّما نے مزاحمت کی، جس پر ملزم نے دونوں کو چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا۔
بعد ازاں وہ نابالغ لڑکی کو دیوالا گوڑہ کے قریب اکھل ساگر تالاب کے پاس لے گیا، جہاں اس کا بھی گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
واردات کے بعد راج کمار نے اپنے والد ارون کمار کو فون کرکے بتایا کہ اس نے سب کو قتل کر دیا ہے اور اب خودکشی کرنے جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ارون کمار نے پولیس کو آگاہ کیا۔
پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، قتل میں استعمال ہونے والا چاقو ضبط کر لیا گیا، جبکہ فرار ملزم کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی




