حیدرآباد میں گنیش وسرجن کا عمل پر امن طورپر جاری

حیدرآباد :شہر میں گنیش وسرجن کی تقریبات آخری مرحلے میں پہنچنے کے ساتھ ہی بنجارہ ہلز واقع تلنگانہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے حیدرآباد کے پولیس کمشنر وی سی سجنار آئی پی ایس نے یاترا کے راستوں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی پانچویں منزل پر واقع کنٹرول روم سے انہوں نے مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مل کر سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے وسرجن کے جاری عمل اور اہم راستوں پر ٹریفک ڈائیورژن کی نگرانی کی۔
اس موقع پر پولیس کمشنر وی سی سجنار نے بتایا کہ 14 ستمبر کو گنیش تہوار شروع ہونے کے بعد سے TGICCC کی ٹیم پوری طرح چوکس رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ شہر بھر میں نصب تقریباً 10 ہزار CCTV کیمروں، ڈرونز اور کیمروں سے لیس خصوصی نگرانی کی گاڑیوں سے حاصل ہونے والی لائیو ویڈیو کے ذریعے صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیریت آباد اور بالاپور کے مہا گنیش کی شوبھا یاترا کے علاوہ اولڈ سٹی، راجندر نگر، گولکنڈہ اور دیگر علاقوں سے مورتیوں کی منتقلی بھی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔ان کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بغیر انتہائی پُرامن ماحول میں گنیش مورتیوں کا وسرجن جاری ہے۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ جیو ٹیگنگ ایپ کے ذریعے شہر میں رجسٹرڈ 14,850 گنیش مورتیوں میں سے تقریباً 10,300 مورتیوں کا وسرجن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی تقریباً 4,500 مورتیوں کا وسرجن بھی مقررہ وقت تک مکمل کرنے کے ہدف کے ساتھ انتظامیہ مسلسل کام کر رہی ہے۔
وسرجن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے حسین ساگر کے اطراف 30 سے زائد بڑے کرینوں کے علاوہ مزید کرینیں اور بیبی پونڈز بھی دستیاب رکھے گئے ہیں۔اسی طرح تلگو تلی فلائی اوور، ٹینک بنڈ، این ٹی آر مارگ اور نیکلس روڈ پر آئی جی سطح کے افسران کی نگرانی میں ٹریفک ڈائیورژن کے انتظامات سختی سے نافذ کیے جا رہے ہیں۔



