نیشنل

آندھرا پردیش میں مجالس مقامی انتخابات کے دوران تشدد، کئی مقامات پر پٹرول بموں سے حملے

امراوتی: آندھرا پردیش میں ضلع پریشد اور منڈل پریشد انتخابات کے دوران کئی مقامات پر کشیدگی اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔ وائی ایس آر کانگریس  کارکنوں کی مبینہ ہنگامہ آرائی کے دوران وائی ایس آر کڑپہ اور تروپتی اضلاع میں پٹرول بموں سے حملے کئے گئے۔

 

ضلع کڑپہ کے پلی ویندلہ منڈل کے ایری پلی پولنگ مرکز پر دو گروپوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ بڑی تعداد میں وائی ایس آر سی پی کارکن پولنگ مرکز پہنچے اور اندر جانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔ اسی دوران پٹرول بم پھینکے جانے سے آگ بھڑک اٹھی اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

 

تروپتی ضلع کے پیناگلو منڈل کے نلا پوریدی پلی میں بھی وائی ایس آر سی پی کارکنوں نے پولنگ بوتھ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔ بعد ازاں پولنگ مرکز کے قریب پٹرول بموں سے حملہ کیا گیا۔

 

کڑپہ ضلع کے نندالورو میں بھی کشیدگی پیدا ہوگئی۔ تروپتی، پروڈاٹور اور جملا مڈوگو سے بڑی تعداد میں شرپسندوں کی آمد پر مقامی افراد نے ان کی گاڑیوں کو روک دیا۔ پولیس نے شرپسندوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

 

پاروتی پورم مانیم ضلع کے بالجی پیٹ منڈل کے چلاکلا پلی میں بھی تصادم ہوا۔ وائی ایس آر سی پی کے سابق رکن اسمبلی جوگارو کے آبائی گاؤں میں پارٹی کارکنوں کی مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف تلگودیشم پارٹی کے کارکنوں نے مزاحمت کی۔ پولنگ مرکز میں داخلے کی کوشش پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button