بین الریاستی سارقوں کا گینگ گرفتار مسروقہ سونے و چاندی کے زیورات برآمد۔ نظام آباد پولیس کمشنر کی صحافتی کانفرنس

نظام آباد:4/ نومبر (اردو لیکس) دن دھاڑے مقفل مکانوں کو نشانہ بناکر گھروں کو لوٹ لینے والے بین الریاستی سارقوں کے گینگ کو نظام آباد پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے مسروقہ سونے کے زیورات کو برآمد کیا اور ایک موٹر کار کو ضبط کیا
۔ نظام آباد پولیس کمشنر یٹ میں پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست مہاراشٹرا، کرناٹک اور تلنگانہ کے مختلف مقامات پر تین رکنی گینگ جس میں سید شکیل، شیخ احمد اور شیخ عمران مختلف 11 سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے جس کا انہوں نے اقرار بھی کیا ہے۔
پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے بتایا کہ نظام آباد کے نوی پیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع محمد نوید الدین نے پولیس میں شکایت کی کہ دن کے اوقات میں ان کے مقفل مکان کو توڑ کر الماری سے سونے و چاندی کے زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کیا گیا جس پر نوی پیٹ ایس آئی سریکانت نے تحقیقات کا آغاز کردیا اور سارقوں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
سارقوں نے اعتراف جرم قبول کیا۔ اس کے علاوہ دیگر مقامات پر کئے گئے وارداتوں کا بھی اعتراف کیا۔ اس موقع پر نظام آباد اے سی پی پرکاش یادو، سرینواس رورل سی آئی، ایس آئی سریکانت، سی سی ایس ٹیم اے سی پی سری سیلم، سی آئی اجئے کمار و دیگر موجود تھے۔




