بھیک مانگنے کیلئے معصوم بچہ کا اغوا شوہر بیوی گرفتار۔ تلنگانہ کے کاماریڈی میں واقعہ

حیدرآباد: ملک کے کئی شہروں میں معصوم بچوں کو اغوا کر کے بھیک منگوانے والے گروہ سرگرم ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں تلنگانہ کے کاماریڈی میں منظر عام پر آیا جہاں ایک دو سالہ بچے کا
بھیک مانگنے کے لیے اغوا کر لیا گیا تھا تاہم پولیس نے صرف تین گھنٹوں میں اس کیس کو کامیابی سے حل کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کر لیا۔کاماریڈی کے اے ایس پی چیتنیا ریڈی نے پریس کانفرنس میں واقعہ
کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھکنور منڈل سے تعلق رکھنے والا نرسمہلو اپنی بیوی اور دو سالہ بیٹے ہرشت کے ساتھ سرسلہ روڈ پر واقع ایک دکان کے سامنے سو رہا تھا۔ رات کے وقت جب وہ جاگے تو ان کا
بیٹا غائب تھا جس پر والدین پریشان ہوگئے اور کافی تلاش کے بعد پولیس سے شکایت کی۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے مختلف ٹیمیں تشکیل دیں اور شہر بھر میں تلاش شروع کی۔ سی سی ٹی
وی فوٹیج کی جانچ پر پتہ چلا کہ ایک جوڑا سوتے ہوئے بچے کو اٹھا کر لے جا رہا ہے۔ فوٹیج کی مدد سے پولیس نے جوڑے کو کاماریڈی ریلوے اسٹیشن پر تلاش کیا جہاں وہ بچے کو ساتھ لے کر بھیک مانگتے
ہوئے پائے گئے۔تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمین کا تعلق دومکنڈہ سے ہے اور ان کی شناخت راجو اور شاردھا کے طور پر ہوئی۔ دونوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بھیک کے مقصدبچے کو اغوا کیا تھا۔پولیس نے بچے کو بحفاظت بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا۔