نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 5G کنکٹیویٹی ACES India اور Reliance Jio کے درمیان 25 سالہ معاہدہ

نئی دہلی: نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید 4G اور 5G موبائل کنیکٹیویٹی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ACES India اور Reliance Jio کے درمیان 25 سالہ طویل مدتی معاہدہ طے پایا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینلز، آپریشنل علاقوں اور بیرونی مقامات پر جدید ٹیلی کام انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا۔معاہدے کے تحت ACES India مربوط اِن بلڈنگ سلوشنز (IBS) کے ساتھ آؤٹ ڈور ٹیلی کام انفراسٹرکچر کا نیٹ ورک تیار کرے گی۔
اس سے ایئرپورٹ پر مسافروں عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کو قابلِ اعتماد موبائل کنیکٹیویٹی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔کمپنی کے مطابق ایئرپورٹ پر منسلک آلات، ڈیجیٹل ایپلی کیشنز اور موبائل خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ انفراسٹرکچر مستقبل کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا۔
ACES کے گروپ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر اکرم ابوراس نے کہا کہ جدید ایئرپورٹ انفراسٹرکچر میں کنیکٹیویٹی بنیادی اہمیت اختیار کرچکی ہے۔ ان کے مطابق Reliance Jio کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے ایک مضبوط اور طویل مدتی کنیکٹیویٹی بنیاد تیار کی جائے گی۔
ACES India کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد این مظہر نے کہا کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک بڑے ایوی ایشن ہب کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے جس میں ٹیکنالوجی اور کنیکٹیویٹی کا اہم کردار ہوگا۔ ان کے مطابق Reliance Jio کے ساتھ معاہدہ اس منصوبے کے لیے درکار انفراسٹرکچر اور کنیکٹیویٹی کی صلاحیتوں کو یکجا کرتا ہے۔
25 سالہ معاہدہ ایئرپورٹ کی مستقبل کی آپریشنل ضروریات اور موبائل و ڈیجیٹل خدمات میں متوقع اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ ACES India کے مطابق نیوٹرل ہوسٹ انفراسٹرکچر کے ذریعے ایک مشترکہ کنیکٹیویٹی پلیٹ فارم قائم ہوگا
جس سے ایئرپورٹ سے وابستہ متعدد اداروں کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔



