جنرل نیوز

بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں اضافہ باعث تشویش.ڈان اسکول میں پاکسو ایکٹ پر بیداری پروگرام سے سینئر سیول جج آر شالینی کا خطاب

حیدرآباد۔ یکم نومبر (پریس نوٹ) ملک میں بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں اضافہ ہوگیا ہے اور انہیں روکنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اسی سلسلہ میں سرکشت بچپن کے عنوان سے اسکولوں میں ایک ملک گیر مہم شروع کی گئی ہے۔

 

سینئر سیول جج اور سکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی آر شالینی نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں سرکشت بچپن مہم کے تحت پاکسو قانون پر ایک بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر نیشنل لیگل سرویس اتھاریٹی اور ڈسٹرکٹ لیگل سرویس اتھاریٹی کے تعاون سے گزشتہ ہفتہ یہ مہم چلائی گئی جس کے لئے بعض اسکولس کو منتخب کیا گیا۔

 

اس سلسلہ میں دو علحدہ دن ڈان اسکول ملک پیٹ اور ڈان اسکول پرانی حویلی میں پاکسو قانون پر بیداری پروگرام ہوا۔ آر شالینی نے بچوں کو حلف دلایا کہ وہ اپنے جسموں اور دوسروں کے جسموں کا احترام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر انہیں کسی سے کوئی خطرہ محسوس ہوتو فوری اپنے با اعتماد ارکان خاندان یا اساتذہ کو بتائیں۔

 

انہوں نے بچوں کو ہلپ لائن نمبرس سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد یہ پیغام پھیلانا ہے کہ ہر بچے کے بچپن کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکسو ایکٹ کی وضاحت کرتے ہوئے شالینی نے کہا کہ بچوں کو جنسی جرائم سے محفوظ رکھنے کے لئے 2012ء میں یہ قانون منظور کیا گیا جس کے تحت خاطیوں کو جلد سے جلد سخت سزاد ی جاتی ہے۔ جج صاحبہ نے بچوں سے کہا کہ اجنبیوں سے دور رہیں اور ان سے کوئی تحفے قبول نہ کریں انہوں نے سوشل میڈیا پر اجنبیوں سے ربط ضبط بڑھانے کے خلاف بھی خبردار کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ جنسی جرائم سے متعلق شکایات پر شکایت کنندوں کی شناخت کو راز میں رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے طلبا کو نیشنل لیگل سرویس اتھاریٹی کے ہلپ لائن 15100 اور بچوں سے متعلق ہلپ لائن 1098 اور سائبر کرائم سے متعلق ہلپ لائن 1930 کے بارے میں بتایا۔ سینئر ایڈووکیٹ اعجاز علی قریشی نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ صدر نشین ڈان گروپ آف انسٹیٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے ڈان اسکول میں سرکشت بچپن بیداری پروگرام کے اہتمام

 

کے لئے ڈسٹرکٹ لیگل سرویس اتھاریٹی اور آر شالینی کا شکریہ ادا کیا۔ معزز جج نے پاکسو ایکٹ اور اس سے متعلق مسائل پر بچوں کے سوالات کے جواب دئیے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button