ڈاکٹر تسنیم شریف ’انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ‘ کی مشاورتی کونسل میں شامل

حیدرآباد ۔ 16 ستمبر (پریس نوٹ) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے ماہر معاشیات ڈاکٹر تسنیم شریف کو 7 تا 9 دسمبر 2026 ءحکومت تلنگانہ کی جانب سے منعقد ہونے والے ”انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026“ کے لئے مشاورتی کونسل و اگزیکیٹیو کونسل میں شامل کیا ہے۔
ریونت ریڈی نے ڈاکٹر تسنیم شریف کو روانہ کردہ ایک مکتوب میں کہا کہ ”تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن“ کے تحت ہم تلنگانہ کو دنیا کی انتہائی مسابقتی ، اختراعی اور مستقبل کے لئے تیار معیشت بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ منتخب ممتاز لیڈرس پر مشتمل اگزیکیٹیو کونسل تشکیل دی گئی ہے جن کا تجربہ ، نقطہ نظراور نیٹ ورک مجوزہ سمٹ کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔
اس تقرر پر ڈاکٹر تسنیم شریف نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیاد ت میں حکومت تلنگانہ کے ساتھ ایک نیا باب انکساری کے ساتھ شروع کر رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ اس بامقصد موقع کے لئے اللہ تعالیٰ کی شکرگزار ہیں۔ تسنیم شریف فیڈریشن آف تلنگانہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ویمن امپاورمنٹ کمیٹی چیئر اور ٹریڈ کمشنر افریقہ ہیں۔
انھوں نے ہندوستان اور افریقی ممالک بالخصوص نامیبیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔



