چیف الیکشن کمشنر کی برطرفی کا مطالبہ، انڈیا اتحاد کا دہلی میں تاریخی مارچ، سونیا، راہول، ممتا اور اکھلیش کی شرکت
نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبہ پر انڈیا اتحاد کے قائدین نے اتوار یکم نومبر کو نئی دہلی میں عظیم الشان احتجاجی مارچ نکالا۔ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی سمیت کئی اہم قائدین نے شرکت کی۔
یہ مارچ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ سے رام لیلا میدان تک نکالا گیا۔ قائدین ایک کھلی بس میں سوار ہوکر مارچ میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر انڈیا اتحاد نے انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔
رام لیلا میدان میں احتجاجی ریلی کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئیں۔ مقام پر احتجاجیوں اور حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، جبکہ دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بھی سیاسی کارکنوں نے ریلی کے حق میں سرگرمیاں انجام دیں۔ ریلی کے پیش نظر سکیورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے اور مختلف مقامات پر پولیس تعینات کی گئی۔
انڈیا اتحاد نے ہفتہ 31 اکتوبر کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف علامتی طور پر ’’عوامی مواخذہ‘‘ کی کارروائی بھی انجام دی۔ اتحاد کے قائدین نے ہاتھ اٹھا کر مواخذے کی تحریک کو متفقہ طور پر منظور کیا۔
چیف الیکشن کمشنر کے خلاف چھ الزامات عائد کئے گئے، جن میں حکمراں بی جے پی کے ساتھ مبینہ سازباز کرتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی، انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں اور ووٹر فہرستوں سے بڑے پیمانے پر نام حذف کئے جانے کے الزامات شامل ہیں۔ انڈیا اتحاد نے انتخابی عمل کی شفافیت اور جمہوری اقدار کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے اس احتجاج کو آگے بڑھایا۔



