وقف ترمیمی قانون کے خلاف جگتیال کی مختلف مساجد میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے پرامن احتجاج

جگتیال / 12 اپریل: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی جگتیال کی جانب سے وقف ترمیمی قانون کے خلاف ایک پُرامن احتجاج کا انعقاد بعد نماز جمعہ جگتیال شہر کی مختلف مساجد میں کیا گیا۔ اس احتجاج میں مقامی مسلمانوں، نوجوانوں، معززینِ محلہ اور مسجد کے مصلیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احتجاج کے دوران مقررین نے وقف ترمیمی بل کو مسلمانوں کے مذہبی و ملی اداروں پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون نہ صرف وقف جائیدادوں کے تحفظ کو متاثر کرے گا بلکہ وقف بورڈ کے خودمختارانہ کردار کو بھی محدود کرے گا، جو کہ آئینی اور شرعی لحاظ سے قابل قبول نہیں۔
اس موقع پر مجلس اتحاد المسلمین جگتیال کے صدر جناب یونس ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی قانون منظور کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے
۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت فوری طور پر اس قانون کو واپس لے اور وقف جائیدادوں کو سابقہ حیثیت میں بحال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وقف جائیدادیں قوم کی امانت ہیں اور ان کی حفاظت ہر مسلمان کا فرض ہے۔
