حیدرآباد کے باؤرچی ہوٹل میں کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں میں تصادم، کشیدگی
حیدرآباد: شہر حیدراباد کے آر ٹی سی کراس روڈس پر واقع باؤرچی ہوٹل میں کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں کے درمیان تصادم کے باعث کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بی آر ایس کارکنوں نے تین سال قبل انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی کی جانب سے باؤرچی ہوٹل میں بیٹھ کر کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کے خلاف احتجاج کیا۔
اس موقع پر بی آر ایس کارکنوں نے راہول گاندھی کے علامتی پتلہ کو ساتھ لے کر ہوٹل میں داخل ہوئے اور بریانی کا آرڈر بھی کیا اور پتلہ کو کرسی پر بٹھا کر سامنے میں پلیٹ میں بریانی بھی پیش کی
بی آر ایس کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی نے وعدوں کے نام پر تلنگانہ کے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک سال میں دو لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے اور ہر سال ملازمتوں کا کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کہاں گیا؟ اسی طرح نوجوانوں کی ترقی کے منصوبے کے تحت پانچ لاکھ روپے فراہم کرنے کے اعلان پر بھی عمل کیوں نہیں کیا گیا؟
بی آر ایس قائدین کے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو، اروند یادو اور پارٹی کارکن فوری طور پر باؤرچی ہوٹل پہنچ گئے۔ اس دوران دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار نے تصادم کی شکل اختیار کرلی، جس کے نتیجے میں ہوٹل کے فرنیچر کو نقصان پہنچا. جس کے باعث اطراف کے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس مقام واقعہ پر پہنچ گئی اور دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو منتشر کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا۔




