گاندھی کے وارثوں اور گوڈسے کے جانشینوں کے درمیان ہوگی اگلی انتخابی جنگ : چیف منسٹر ریونت ریڈی

حیدرآباد میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام ہندوستانی آئین کے تحفظ کے مقصد سے ’’سمودھان رکشا مارچ‘‘ کے نام سے ایک عظیم الشان ریالی نکالی گئی۔ یہ ریالی ٹینک بنڈ پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ سے شروع ہوکر نیکلس روڈ پر اندرا گاندھی کے مجسمہ تک پہنچی۔ اس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا اور مرکزی بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کے تمام شہریوں کو مساوی انصاف اور حقوق فراہم کرنے کے مقصد سے دستور ہند تیار کیا گیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دلتوں، قبائلیوں اور خواتین کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کی کوششوں کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے ناکام بناتے ہوئے ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق دلایا۔ امبیڈکر نے عوام کو یہ عظیم اختیار فراہم کیا کہ وہ اپنی خدمت کرنے والے قائدین کا خود انتخاب کرسکیں اور حکمرانی کا اختیار عوام کے ہاتھوں میں دیا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی اور کانگریس پارٹی نے عدم تشدد کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنے کی تاریخ رقم کی ہے اور ملک کے لیے کانگریس کے کئی قائدین اور کارکنوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کو ’’گوڈسے کے وارث‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات گاندھی کے وارثوں اور گوڈسے کے وارثوں کے درمیان ہوں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کا وجود خطرے میں ہے اور ہندوستان کو بچانا صرف کانگریس پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گاندھی کے وارث کانگریس قائدین اور کارکنوں کی حمایت کریں۔
اس موقع پر چیف منسٹر نے آئندہ انتخابات کے لیے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے نشانہ بھی مقرر کئے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ریاست میں ایک کروڑ ووٹ حاصل کرنے اور 90 اسمبلی حلقوں میں کامیابی کے لیے محنت کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی آئندہ پارلیمانی انتخابات میں تلنگانہ سے 15 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے راہول گاندھی کو ملک کا وزیراعظم بنانے کے نشانہ کے ساتھ ہر کارکن کو سرگرم ہونے کی اپیل کی۔





