انٹر نیشنل

پرمٹ کے بغیر حج نہیں‘ قوانین کی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹیں گے: نائب گورنر مکہ 

ریاض ۔ کے این واصف

اجازت نامہ کے بغیر حج کا ارادہ کرنے والے مقیم غیر ملکیوں کو حکومت کی جانب سے ایک پھر انتباہ۔ مکہ ریجن کے نائب گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے نائب سربراہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ حج کے لیے پرمٹ کا ہونا بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

 

سبق نیوز کے مطابق گورنر مکہ اور مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ اعلی شہزادہ خالد الفیصل کی نابت کرتے ہوئے گورنریٹ میں “حج عبادت اورمہذب طرز عمل” کے عنوان سے مہم اور پریس کانفرنس بعنوان “پرمٹ کے بغیرحج نہیں” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا یہ مہم شروع کرنے کا مقصد غیرقانونی طور پرحج کا ارادہ کرنے والوں کو ماضی کے حوالے سے بھی خبردار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ماضی میں پرمٹ کے بغیر جانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

 

غیرقانونی عازمین کو روکنے کا مقصد قانونی طور پر حج کرنے والوں کو ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ آرام و سکون سے فریضہ حج ادا کرسکیں۔ سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹیں گے، یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ پرمٹ کے بغیر حج نہیں ہوگا۔  ادارہ امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئرمحمد البسامی نے بتایا کہ حج سیزن 2024 کے لیے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حج ٹاسک فورس کے اہلکاروں کے اضافی یونٹس مختلف چیک پوسٹوں پر تعینات ہیں جو قوانین پرسختی سے عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا وزارت حج وعمرہ کے تعاون سے مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائشی عمارتوں کا سروے کیا جارہا ہے تاکہ وہاں موجود غیرقانونی افراد کو نکالا جاسکے جو غیرقانونی طور پر حج کے ارادے سے قیام کئے ہوئے ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button