جنرل نیوز

اپنے پڑوس کو نارنجی کریں،صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف شعور بیداری پروگرام  

حیدرآباد(راست)نارنجی رنگ روشن اور پر امید رنگ ہوتا ہے جو زیادہ تر تخلیقی صلاحیت اور متاثر کن کے معنوں میں لیا جاتا ہے۔ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد سے پاک مستقبل کی نمائندگی کرتا ہے۔

 

اس لئے تشدد کے خاتمہ کی اس تحریک کو نارنجی رنگ سے منسوب کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سماجی جہد کار رفیعہ نوشین(سینئیر فیملی کونسلر، مائی چوائسس فاونڈیشن) نے 28 نومبر 2024 کو گورنمنٹ جونیئر اینڈ ڈگری کالج برائے اناث گولکنڈہ، ریتی، گلی، بنجارہ دروازہ، گولکنڈہ قلعہ میں منعقدہ شعور بیداری پروگرام میں اساتذہ اور طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کیا

 

۔ یہ پروگرام صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 دن کی سرگرمی کا حصہ تھا۔ پروگرام کا موضوع تھا ”اپنے پڑوس کو نارنجی کریں، اپنے گھروں اور معاشرہ سے صنفی بنیاد پر تشدد کا خاتمہ کریں“۔

 

پروگرام کے آغاز میں ڈاکٹر حمیرہ سعید(اسوسی ایٹ پروفیسر) نے استقبال کرتے ہوئے رفیعہ نوشین کا تعارف نیز مائی چوائسس فاؤنڈیشن کا تعارف پیش کیا۔ رفیعہ نوشین نے نارنجی رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا کیوں کہ جو لوگ نارنجی رنگ کا لباس پہنتے ہیں وہ انرجیٹک، پر امید، خوش مزاج، اور متاثر کن سمجھے جاتے ہیں۔ تشدد کے خاتمہ کے لئے ان خصوصیات کا ہونا ضروری بھی ہے۔

 

انہوں نے نوجوان نسل اور خواتین میں تشدد کی مختلف اقسام کی نشاندہی کی۔ازدواجی زندگی میں ان کے اثرات، نیز اس سے نمٹنے کے لئے کیسے اور کہاں سے مدد حاصل کی جا سکتی ہے اس بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی۔ اس کے بعدشرکائے پروگرام نے اپنی کلائی پر نارنجی رنگ کا ربن باندھا اور تشدد کو ختم کرنے کا عہد لیا۔

 

آخر میں تمام شرکاء نے نارنجی رنگ کے کاغذ پر اپنا ہاتھ کھینچ کر اس پر اپنے خیالات لکھے اور اسے دیوار پر چسپاں کیا۔کالج کے عملے اور طالبات دونوں نے اس سرگرمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button