جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ،حیدرآباد کے سالانہ نتائج کا اعلان طالبات میں امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم نئے تعلیمی سال کے داخلوں کا آغاز

جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ،حیدرآباد کے سالانہ نتائج کا اعلان
طالبات میں امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم
نئے تعلیمی سال کے داخلوں کا آغاز
جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ،حیدرآباد میں تعلیمی سال کے سالانہ نتائج کا باضابطہ اعلان ایک باوقار تقریب کے دوران عمل میں آیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی و تاسیسی رکن، انتظامی کمیٹی جامعہ، محترم جناب محمد اظہر الدین صاحب (امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ) نے شرکت کی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کامیاب طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی اور انہیں آئندہ بھی محنت، استقامت اور اعلیٰ تعلیمی جذبے کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے جامعہ کی انتظامیہ اور اساتذہ کی مخلصانہ خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں جامعہ کی صدر معلمہ محترمہ حمیراء نشاط صاحبہ، نائب صدر معلمہ محترمہ تسلیم بانو صاحبہ، نائب صدر معلمہ برائے اسکول سیکشن محترمہ عرشیہ خالد صاحبہ اور محترمہ امّ البصیر سلمیٰ صاحبہ کے علاوہ تدریسی و غیر تدریسی عملہ شریک رہا۔ تقریب کا آغاز طالبہ جویریہ کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد جامعہ کے سکریٹری جناب مرزا محمداعظم علی بیگ نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے تعلیمی سال کی مجموعی کارکردگی اور امتحانی نتائج پر روشنی ڈالی۔ اختتامی مرحلے میں شریک معتمد محترم جناب حیدر قریشی نے اظہارِ تشکر پیش کیا اور دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔
اس موقع پر محترم جناب سید شمس الدین قادری صاحب، محترم جناب نعیم (رکن انتظامی کمیٹی) کے علاوہ طالبات کے سرپرستوں کی بڑی تعداد بھی موجود رہی، جنہوں نے طالبات کی شاندار کامیابیوں پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ میں نئے تعلیمی سال کے داخلوں کا آغاز ماہ مئی سے کیا جا رہا ہے۔
داخلہ کے خواہشمند حضرات و خواتین جامعہ سے براہِ راست رجوع ہوکر داخلہ سے متعلق مکمل معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔مزید تفصیلات کے لئے موبائل نمبر9293602628 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔



