گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں نئے تعلیمی سال26 – 2025 کے لئے داخلوں کا آغاز

نارائن پیٹ 10/ جون ( اردو لیکس ) گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں نئے تعلیمی سال26 – 2025 کے لئے داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس سلسلہ میں آج ضلع انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آفیسر جناب ایچ سدرشن راؤ کے ہاتھوں کالج کے پمفلیٹ کی رسم اجراء عمل میں آئی۔
جس میں گزشتہ تعلیمی سال کے سالانہ نتائج میں امتیازی نشانات حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی نشاندہی ، کالج کی خصوصیات اور سرکاری جونیر کالجس میں دی جانے والی خصوصی مراعات کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ضلع انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آفیسر جناب ایچ سدرشن راؤ نے اولیائے طلباء سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے سرکاری جونیر کالج میں داخلہ دلوائیں۔
بعد ازآں کالج پرنسپل نے بتایا کہ گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں اردو ، تلگو اور انگلش میڈیم کے تمام گروپس ایم۔ پی۔ سی۔ ، بی۔ پی۔ سی۔ ، سی۔ ای۔ سی اور ایچ سی موجود ہیں اور اس کے لئے درکار مضمون واری مستند وتجربہ کار لیکچررس بھی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کالج میں داخلہ کے لئے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی بلکہ مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ مفت درسی کتب بھی دئیے جاتے ہیں
علاوہ ازیں اسکالر شپ کی رقم راست طلباء کے اکاونٹ میں جمع کی جاتی ہے۔ انہوں مزید بتایا کہ ) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے جاری کردہ سالانہ نتائج میں گورنمنٹ جونیئر کالج نارائن پیٹ کے طلباء وطالبات نے ہر سال کی طرح اس سال بھی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بہترین نتائج سے تاریخ رقم کی ہے۔ کالج کی دو طالبات بی پی سی اردو میڈیم سے کوثر فاطمہ نے 1000/959 نمبر اور حنا کوثر نے 1000/929 نمبر لے کر کالج میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایچ ای سی اردو میڈیم سے تحسین سلطانہ نے 944 اور بشریٰ صدف نے 929 اور بی پی سی اردو میڈیم سے عائشہ بی نے 915 نشانات حاصل کرتے ہوئے امتیازی کامیابی درج کی ہیں۔ علاوہ از این سال اول میں بھی تقریبا 10 طلباء و طالبات نے 90 فیصد سے زائد نشانات حاصل کرتے ہوئے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال اردومیڈیم سال دوم کا منجملہ نتیجہ 82 فیصد اور سال اول کا 74 فیصد رہا۔
پرنسپل نے دسویں جماعت کامیاب تمام طلباء وطالبات سے گورنمنٹ کالج میں داخلہ لینے کی اپیل کی ہے۔ قبل ازیں پفلیٹ کے اسپانسر جناب ڈاکٹر رحمت اللہ ، سعید احمد تاج اور اسٹوڈینٹس لیڈر جناب فیاض احمد قریشی کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر کالج کے لیکچررس اور غیر تدریسی عملہ بھی موجود تھا۔