جنرل نیوز

نظام آباد میں 31 اگست کو پنچا جنیم سنکلپ سبھا کو کامیاب بنایا جائے بڑے پیمانے پر انتظامات۔ پوسٹرس جاری۔ ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس

نظام آباد میں 31 اگست کو پنچا جنیم سنکلپ سبھا کو کامیاب بنایا جائے

بڑے پیمانے پر انتظامات۔ پوسٹرس جاری۔ ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس

 

نظام آباد: 25/اگست (اردو لیکس) ضلع نظام آباد

ٹی آر ایس پارٹی کے اقلیتی قائدین نے پارٹی دفتر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے اعلان کیا کہ 31 اگست کو نظام آباد کی سرزمین پر "پنچا جنیم سنکلپ سبھا” کے عنوان سے پارٹی چیف کلواکنٹلہ کویتا کی صدارت میں ایک عظیم الشان اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر اجلاس سے متعلق پوسٹرس کی رسمِ اجراء بھی انجام دی گئی۔ نظام آباد حلقہ پارلیمانی انچارج ایس اے علیم نے کہا کہ نظام آباد میں آج جو بھی ترقی نظر آ رہی ہے، اس میں کلواکنٹلہ کویتا کی خدمات نمایاں ہیں۔ کویتا نے رکن پارلیمنٹ نظام آباد اور بعد ازاں رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے ضلع کی ترقی کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ ایس اے علیم نے کہا کہ ایک وقت میں ترقی کی راہ پر گامزن نظام آباد آج مسائل سے دوچار ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات سمیت مختلف شعبوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کلواکنٹلہ کویتا کا ساتھ دیں اور سماجی انصاف، ترقی کے مقصد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ محمد اشفاق قومی میڈیا ترجمان ٹی آر ایس اور سید متین احمد سینئر اقلیتی قائد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلواکنٹلہ کویتا کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں اور عوامی و سماجی شعبوں میں ان کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ کویتا کا ایک واضح ویژن ہے کہ ریاست تلنگانہ میں سماجی انصاف کو یقینی بنایا جائے اور عام عوام کی زندگیوں میں مثبت اور خوشگوار تبدیلی لائی جائے۔ قائدین نے بتایا کہ اسی مقصد کے تحت پانچ اہم نکات پر مشتمل ایجنڈے کے ساتھ 31 اگست کو "پنچا جنیم سنکلپ سبھا” کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس ایجنڈے میں مفت تعلیم، مفت علاج، روزگار کے مواقع، کسانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی انصاف کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔

 

اقلیتی قائدین نے کہا کہ یہ اجلاس عوام کے مسائل، ان کی ضروریات اور سماجی انصاف کے حوالے سے ایک اہم پیغام دینے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نظام آباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کثیر تعداد میں اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں

 

اور ترقی، فلاح و بہبود اور سماجی انصاف کے سفر کو مضبوط بنانے میں اپنا تعاون پیش کریں۔ اقلیتی قائدین نے 31 اگست کے اجلاس کو کامیاب بنانے کے لئے عوام، کارکنان اور بالخصوص اقلیتی طبقات سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ اس موقع پر ٹی آر ایس اقلیتی قائدین رفیق قریشی، محمد شاہنواز خان، محمد شعیب علی، محمد اعظم، اظہر الدین، شعیب احمد اور دوسرے موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button