رام مندر کے چڑھاوے کے کروڑوں روپے غائب۔اکھلیش یادو کے ٹرسٹ اور انتظامیہ پر سنگین الزامات

نئی دہلی: ریاست اتر پردیش کی سیاست میں رام مندر کا مسئلہ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش نے رام مندر کے چندے اور چڑھاوے کی رقم غائب ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مندر ٹرسٹ اور انتظامیہ
پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ رام میں عقیدت مندوں کی جانب سے پیش کی گئی نذرانوں کی کروڑوں روپے کی رقم غائب پائی گئی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ "دنیا
بھر میں بھگوان رام کے ماننے والوں کے لیے یہ نہایت حساس خبر ہے کہ رام مندر کے چندے کی کروڑوں روپے کی رقم لاپتہ پائی گئی ہے۔”اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ یہ صورتحال مندر ٹرسٹ کے لیے انتہائی شرمناک ہے اور کوئی بھی اس
معاملے پر وضاحت دینے کے لیے سامنے نہیں آ رہا۔ انہوں نے عدالت سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ دنیا بھر کے سناتن دھرم کے ماننے والوں کے بھگوان رام سے وابستہ گہری عقیدت اور مذہبی جذبات سے براہِ
راست جڑا ہوا ہے۔انہوں نے ریاستی حکومت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ "حکومت کی خاموشی مشکوک ہے۔” ان کے مطابق نہ حکومت اور نہ ہی مندر ٹرسٹ نے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے
مطابق سماج وادی پارٹی کی سابق حکومت میں وزیر رہنے والے پاون پانڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایودھیا کے رام مندر میں رکھے گئے چندہ بکسوں سے 5 کروڑ سے 7.5 کروڑ روپے تک کی رقم کی چوری ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے
میں بعض بی جے پی کارکنوں اور ٹرسٹ سے وابستہ چند افراد کے نام بھی سامنے آ رہے ہیں تاہم ابھی تک بی جے پی یا یوگی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اتر پردیش
اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں۔ بی جے پی ہندوتوا کے ایجنڈے کو نمایاں کر رہی ہے جبکہ اکھلیش یادو نے رام مندر کے ٹرسٹ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا مسئلہ اٹھا کر حکمراں جماعت کو اسی کے
اہم سیاسی موضوع پر گھیرنے کی کوشش کی ہے۔اتر پردیش اسمبلی انتخابات اگلے سال فروری اور مارچ میں متوقع ہیں۔
رام مندر چندہ معاملہ: مہنت دنندر داس کا اکھلیش یادو کو جواب
اسی دوران شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیترا ٹرسٹ کے ٹرسٹی مہنت دنندر داس نے رام مندر میں عطیات کی رقم کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق سماج وادی پارٹی کے سربراہ کے ٹویٹ پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
مہنت دنندر داس نے کہا "ہمیں بھگوان رام کی روایت اور انصاف پر پورا یقین ہے۔ اگر اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوئی بے ضابطگی یا غلط کام ہوا ہوگا تو اس کا فیصلہ خود رام جی کریں گے اور قصوروار کو وہی سزا دیں گے۔”



