تلنگانہ میں ’SIR‘ کی تاریخ میں توسیع

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں ’SIR‘ کی مدت میں توسیع کا مرکزی الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے۔ دعووں اور اعتراضات کے لیے ’SIR‘ کے عمل کی آخری تاریخ بڑھا کر 7 اکتوبر کر دی گئی ہے جبکہ 9 نومبر کو حتمی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی۔
تلنگانہ میں ایس آئی آر کے عمل کی مدت میں توسیع کرنے کے لیے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے مرکزی الیکشن کمیشن سے پہلے ہی درخواست کی تھی۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایک خط بھی روانہ کیا تھا۔
انہوں نے کم از کم تین ہفتوں کی مزید مہلت دینے کی درخواست کی تھی۔ خط میں کہا گیا تھا کہ تلنگانہ میں 92 لاکھ ووٹروں کو نوٹس جاری کیے جانے ہیں اور انہیں جواب بھی دینا ہے اس لیے موجودہ صورتحال میں مدت میں توسیع ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ اب تک 47 لاکھ ووٹروں میں سے صرف 9 لاکھ نے نوٹس کا جواب دیا ہے۔ ریاست کی کئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے بھی الیکشن کمیشن سے مدت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔
سی ای او سدرشن ریڈی نے کہا تھا کہ حقیقی ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ ہوں اس لیے مزید مہلت دی جانی چاہیے۔ ریاست میں اضافی اے ای آر اوز تعینات کیے جانے کے باوجود نوٹس سے متعلق دستاویزات کی جانچ میں وقت لگے گا اسی لیے انہوں نے مزید تین ہفتوں کی مہلت دینے کی درخواست کی تھی۔




