حیدرآباد میں لینڈس اینڈ سروے ڈپٹی ڈائریکٹر گرفتار 150 کروڑ کے اثاثہ جات کا انکشاف۔ اے سی بی کی کاروائی۔نوٹوں کے بنڈل دیکھ کر حکام حیران

حیدرآباد: آمدنی سے زائد اثاثوں کے ایک مقدمے میں لینڈس اینڈ سروے کے ڈپٹی ڈائریکٹر سنکری نرہری کو اینٹی کرپشن بیورو کے حکام نے گرفتار کر لیا ہے۔ اے سی بی حکام کے مطابق نرہری کی رہائش گاہ سمیت 9 دیگر مقامات پر تلاشی کارروائیاں کی گئیں۔
اس دوران بہت زیادہ غیر قانونی اثاثے سامنے آئے۔تفتیش میں نرہری کے گھر سے 1.54 کروڑ روپے نقد رقم، 5.04 کروڑ روپے مالیت کے فکسڈ ڈپازٹس اور بینک کھاتوں میں 2.29 کروڑ روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا۔ اس کے علاوہ 1.3 کلوگرام سونا، 8 کلوگرام چاندی کے زیورات ان کی اہلیہ کے نام پر دو بینک لاکرز اور ایک کار بھی برآمد ہوئی۔
اے سی بی نے یہ بھی پایا کہ رنگا ریڈی ضلع میں 5 کھلے پلاٹس، مہیشورم میں 1.24 ایکڑ زرعی زمین اور پپال گوڑہ میں ایک اپارٹمنٹ موجود ہے۔مزید تحقیقات میں معلوم ہوا کہ نارسنگی کے ایک اپارٹمنٹ میں دو فلیٹس، راجیندر نگر میں ایک اور فلیٹ، گچی باؤلی کی ٹی این جی او کالونی میں جی پلس 3 عمارت اور چھتری ناکہ میں تین منزلہ عمارت بھی ان کی ملکیت میں ہیں۔
حکام کے مطابق سرکاری تخمینے کے تحت ان تمام اثاثوں کی مالیت 13.05 کروڑ روپے ہے جبکہ ان اثاثہ جات کی مارکٹ ویالیو 150 کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ نوٹوں کی گنتی کے لیے نوٹ گننے کی مشینیں لائی گئی تھی۔



