دبئی میں کرکٹ میچ کے دوران دل کا دورہ – کرناٹک کے 38 سالہ محمد صفوان شانو انتقال کر گئے
شارجہ – دبئی میں کرکٹ میچ کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے 38 سالہ ہندوستانی نژاد محمد صفوان شانو کا انتقال ہوگیا۔ ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر سینکڑوں کمیونٹی ارکان، رشتہ داروں اور دوستوں نے دبئی کے القصیص قبرستان میں شرکت کی۔ مرحوم کے والدین بھی اپنے بیٹے کی تدفین میں شرکت کے لئے ہندوستان سے دبئی پہنچے۔
ریاست کرناٹک کے بھٹکل سے تعلق رکھنے والے محمد صفوان گزشتہ 15 برسوں سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ، تین بیٹے اور چار ماہ قبل پیدا ہونے والی ایک شیر خوار بیٹی شامل ہیں۔ ان کا ایک بھائی بھی دبئی میں ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے۔
مرحوم کے قریبی دوست نبیل کریکل کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 7:10 بجے کرکٹ میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے صفوان اچانک پچ پر گر پڑے اور بے ہوش ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ برسوں سے ہر اتوار کی صبح ایک ساتھ کرکٹ کھیلتے تھے اور یہ ان کی معمول کی سرگرمی تھی۔
نبیل نے بتایا کہ ہفتہ کی شام وہ دونوں واٹر فرنٹ مارکیٹ گئے تھے جہاں مچھلی اور دیگر گھریلو سامان خریدا گیا۔ اس وقت صفوان مکمل طور پر صحت مند اور معمول کے مطابق تھے۔ اگلی صبح بھی وہ ایک ہی گاڑی میں میدان پہنچے اور کسی قسم کی طبی پریشانی محسوس نہیں ہوئی۔
واقعہ کے فوراً بعد ساتھی کھلاڑیوں نے ایمبولینس طلب کی اور صفوان کو سی پی آر دیتے ہوئے ہاسپٹل منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے ہاسپٹل پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دے دیا۔
محمد صفوان تقریباً 15 سال قبل بہتر روزگار کے لئے دبئی آئے تھے۔ ابتدائی 8 برس انہوں نے ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کی، بعد ازاں اپنا کاروبار شروع کیا۔ دوستوں کے مطابق انہیں کرکٹ سے بے حد لگاؤ تھا اور وہ کھیل کے شوقین افراد میں شمار ہوتے تھے۔



