نشہ آور دوا دے کر آئی اے ایف آفیسر کی بیوی کے ساتھ جنسی زیادتی ۔ مہاراشٹر ا میں شرمناک واقعہ

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کے ایک آفیسر کی اہلیہ کو نشہ آور دوا پلا کر اس کے دوست نے مبینہ طور پر کئی بار زیادتی کی۔ ملزم نے خاتون کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنا کر اسے بلیک میل بھی کیا۔ یہ واقعہ مہاراشٹر کے ناگپور
کا بتایا جارہا ہے۔ جب متاثرہ خاتون نے پولیس میں شکایت کرنے کی دھمکی دی تو ملزم نے ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔ بعد ازاں خاتون نے اپنے شوہر کو اس ظلم و زیادتی کے بارے میں بتایا جس کے بعد یہ معاملہ منظر عام پر
آیا۔پولیس کے مطابق فضائیہ کے آفیسر کی اہلیہ نے 8 فروری 2025 کو ایک ہوٹل میں اپنے دوست ایاز تاج مدارے نامی شخص سے ملاقات کی تھی۔ الزام ہے کہ اس دوران ملزم نے کولڈ ڈرنک میں نشہ آور دوا ملا کر خاتون کو پلائی جسے
پینے کے فوراً بعد وہ بے ہوش ہوگئی۔ اس کے بعد ملزم نے اس کے ساتھ زیادتی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بعد میں ملزم نے اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ مل کر خاتون کو متعدد مرتبہ جنسی ہراسانی اور استحصال کا نشانہ بنایا۔ ملزمان متاثرہ
خاتون کو دھمکی دیتے تھے کہ اگر اس نے کسی کو واقعے کے بارے میں بتایا تو اس کی نازیبا تصاویر اس کے شوہر کو بھیج دی جائیں گی اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جائیں گی۔تحقیقات کے مطابق 31 مئی کو ملزم خاتون کو کلمیشور
علاقے میں لے گیا جہاں ایک مولانا کی مدد سے مبینہ طور پر اس کا مذہب تبدیل کرایا گیا اور پھر زبردستی شادی کر لی گئی۔متاثرہ خاتون نے بتایا کہ تقریباً ایک سال سے جاری اس استحصال کے بارے میں اس نے حال ہی میں اپنے شوہر کو آگاہ کیا جس کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
اس کیس میں ایک ویڈیو اہم ثبوت کے طور پر سامنے آئی ہے۔پولیس نے ویڈیو کی بنیاد پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس معاملے میں ایاز سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزمین نے متاثرہ خاتون سے تقریباً 4 لاکھ روپے ہتھیا لیے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذہب تبدیلی کے الزام کا سامنا کرنے والے مولانا کی تلاش جاری ہے۔



