شادی سے انکار پر عاشق نے لڑکی پر چاقو سے حملہ کرنے کے بعد کار میں خود کو بم سے اڑا لیا
بنگلورو: کرناٹک کے ضلع تمکورو میں بنگلورو۔پونے قومی شاہراہ پر واقع کلّمبیلا کے قریب ایک کار میں دیسی بم دھماکے کے نتیجے میں 30 سالہ نوجوان زندہ جل کر ہلاک ہوگیا، جبکہ کار میں سوار لڑکی اور ڈرائیور محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق، ضلع اتر کنڑ کے انکولا کا رہائشی ناگیندر (30) بنگلورو میں ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کرتا تھا۔ اس کی ایک لیب ٹیکنیشن خاتون سے دوستی ہوئی جو بعد میں محبت میں تبدیل ہوگئی۔ تاہم لڑکی نے ناگیندر سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔
اس بات پر برہم ناگیندر نے ہفتہ کے روز ایک کیاب بک کی اور خاتون کو ساتھ لے کر چترادرگہ کی جانب روانہ ہوا۔ راستے میں دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران ناگیندر نے لڑکی پر چاقو سے حملہ کردیا۔
صورتحال بھانپتے ہوئے کیب ڈرائیور پروین نے فوری طور پر گاڑی سڑک کنارے روک دی، جس کے بعد خوفزدہ لڑکی گاڑی سے باہر نکل گئی۔ اسی دوران ناگیندر نے اپنے ساتھ لایا ہوا دیسی بم دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے میں ناگیندر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ لڑکی اور ڈرائیور معجزاتی طور پر محفوظ رہے۔کلّمبیلا پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔



