نیشنل

ممبئی میں محرم کے جلوس میں شریک ہزاروں افراد کو زہر دے کر ہلاک کرنے کی مبینہ سازش ناکام – مشتبہ شخص گرفتار

ممبئی : ممبئی میں جمعہ کے روز یومِ عاشورہ کے جلوس کے دوران ایک بڑا سانحہ اس وقت ٹل گیا جب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا، جس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر جلوس میں شریک لوگوں میں زہریلی کیپسول تقسیم کر رہا تھا۔ بائیکلہ علاقے سے گرفتار کئے گئے ملزم کی شناخت فیاض پریم جی کے طور پر ہوئی ہے۔ کیپسول کھانے والے تقریباً 11 افراد کی طبیعت بگڑنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔

 

پولیس کے مطابق، کیپسول میں زنک فاسفائیڈ نامی انتہائی مہلک کیمیائی مادہ ملا ہوا تھا، جو چوہے مار دوا اور دیگر زہریلی ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس کا مقصد اس روز ہزاروں افراد کو زہر دے کر ہلاک کرنا تھا۔عدالت نے ہفتہ کی شب ملزم کو دو روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔

 

پولیس کے مطابق، فیاض پریم جی ری روڈ کے رحمت آباد قبرستان کے قریب عاشورہ کے جلوس میں شریک افراد میں کیپسول تقسیم کر رہا تھا۔ اس نے ہجوم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کیپسول کو درد کش دوا اور قوتِ مدافعت بڑھانے والی دوا (امیونٹی بوسٹر) بتا کر لوگوں میں بانٹنے کی کوشش کی۔

 

ذرائع کے مطابق، کم از کم 11 افراد کیپسول کھانے کے بعد بیمار ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ تمام متاثرین اب خطرے سے باہر ہیں۔ متاثرہ افراد میں سلمان سید نامی شخص نے کیپسول کھانے کے بعد پیٹ میں شدید درد اور قے کی شکایت کی۔

 

ڈپٹی کمشنر آف پولیس جے انت مینا نے تصدیق کی کہ کیپسول میں زنک فاسفائیڈ ملایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کے پاس کسی بھی قسم کی دوا تقسیم کرنے کی قانونی اجازت نہیں تھی۔

 

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضہ سے تقریباً 14 ہزار 900 کیپسول ضبط کرلیں۔ ابتدائی اندازے کے مطابق، اس سے پہلے بھی کافی تعداد میں کیپسول لوگوں میں تقسیم کی جا چکی تھیں۔

 

ڈی سی پی کے مطابق، ملزم نے 30 ہزار خالی کیپسول اور 50 کلوگرام فاسفورس کا بھی آرڈر دیا تھا۔تین خواتین رضاکاروں کی حاضر دماغی سے ہزاروں جانیں بچ گئیں

 

پولیس کے مطابق، تین خواتین رضاکاروں کی بروقت چوکسی کی وجہ سے ہزاروں افراد کی جانیں بچ گئیں۔ ان میں سے ایک خاتون نے سب سے پہلے ملزم کو مشتبہ انداز میں کیپسول تقسیم کرتے دیکھا۔ تینوں رضاکاروں نے فوراً اسے روکنے کی کوشش کی، پولیس کو اطلاع دی اور لاوڈ اسپیکر کے ذریعہ اعلان کرایا کہ کوئی بھی شخص یہ کیپسول استعمال نہ کرے۔

 

جب رضاکاروں نے ملزم سے پوچھ تاچھ  کی تو اس نے دعویٰ کیا کہ یہ قوتِ مدافعت بڑھانے والی کیپسول ہیں۔ تاہم رضاکاروں نے ایک کیپسول کھول کر دیکھی تو اس میں موجود پاؤڈر پر شبہ ہوا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

 

پولیس نے موقع پر ہی ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضہ سے تمام کیپسول ضبط کرلیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیپسول کو فارنسک جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

 

"میں 15 ہزار لوگوں کو مارنا چاہتا تھا”

پولیس ذرائع کے مطابق، ملزم نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس کا مقصد عاشورہ کے جلوس میں شریک ہزاروں افراد کو ہلاک کرنا تھا۔ اس نے مبینہ طور پر پولیس سے کہا کہ  "میں کم از کم 15 ہزار لوگوں کو مارنا چاہتا تھا۔”پولیس کے مطابق، ملزم بی بی اے گریجویٹ ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ ماضی میں ایران اور عراق کا سفر کر چکا ہے۔

 

بائیکلہ پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 123 کے تحت، یعنی زہر کے ذریعے نقصان پہنچانے اور جرم کے ارادے سے زہریلا مادہ استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

پولیس اب اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس واقعہ کا کوئی دہشت گرد تنظیم سے تعلق ہے یا نہیں، اور اس مبینہ سازش کے پس پردہ دیگر افراد کون ہیں۔

 

زنک فاسفائیڈ کتنا خطرناک ہوتا ہے؟

زنک فاسفائیڈ ایک انتہائی زہریلا کیمیائی مرکب ہے۔ اسے کھانے کے بعد یہ معدے کے تیزاب سے مل کر فاسفین گیس پیدا کرتا ہے، جو انسانی جسم کے لیے نہایت مہلک سمجھی جاتی ہے۔ یہ گیس دل، پھیپھڑوں، جگر، گردوں اور دماغ کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس زہر کا کوئی مخصوص تریاق (Antidote) موجود نہیں، جس کی وجہ سے یہ مزید خطرناک ثابت ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button