امریکی حملے کے خلاف ایران کی جوابی کارروائی، کویت اور بحرین میں امریکی ٹھکانوں کو بنایا نشانہ

نئی دہلی ۔ مغربی ایشیا میں ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ معاہدے اور مذاکرات کی باز گشت کے دورن امریکہ کی جانب سے ہفتے کے روز ایران کے خلاف کئے گئے حملے پر ایران کی آئی آر جی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ
اس نے امریکہ کے 8 فوجی ٹھکانوں پر بڑا میزائل اور ڈرون حملہ کیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ یہ حملہ امریکہ کی طرف سے کی گئی جارحانہ کارروائی کا جواب ہے اوراسے انہوں نے ’فیصلہ کن جواب‘ کہا ہے۔ غور طلب ہے کہ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ’فوجی آپریشن مکمل کرنے‘ کی دھمکی دیتے ہوئے
خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ کو جنگ دوبارہ شروع کرنے پر مجبور کیا گیا تو ’اسلامی جمہوریہ کا وجود ختم ہوسکتا ہے۔‘امریکہ نے ہفتے کے روز مسلسل دوسرے دن ایران کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی۔ یہ حملہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک آئل ٹینکر پر ڈرون حملے کے بعد کیا گیا۔ اس سے 2 ہفتے قبل طے پانے والے امن معاہدے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پھر بڑھ گئی ہے۔
امریکی فوج کے مطابق ایک صبح تقریباً 4.30 بجے پناما کے جھنڈے والے تیل ٹینکر ’ایم ٹی ککو‘ پر یکطرفہ ڈرون حملہ ہوا۔ یہ ٹینکر آبنائے ہرمز کے قریب 2 ملین بیرل سے زیادہ خام تیل لے کر گزر رہا تھا۔ امریکہ نے اس حملے کے لیے ایران کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔دریں اثنا امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام)
نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ صدر کی ہدایت پر یہ فوجی کارروائی کی گئی ہے۔ سینٹکام کے مطابق ایک دن پہلے بھی ایران سے متعلق حملے کے جواب میں امریکہ نے کارروائی کی تھی تاہم ایران کو جنگ بندی کی پاسداری کرنے کا موقع دیا گیا۔ اس کے باوجود ایرانی فورسز نے پھر ایک ڈرون حملہ کیا، جس کے بعد امریکہ نے دوبارہ فوجی کارروائی کی۔
خبروں کے مطابق امریکہ نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کے ساتھ ساتھ ساحلی ریڈار اسٹیشنوں کو بھی نشانہ بنایا۔ امریکی فوج نے کہا کہ یہ کارروائی صرف اور صرف جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا نے جنوبی ایران کے جزیرے سیریک پر زور دار دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔
یہ علاقہ آبنائے ہرمز کے بہت قریب واقع ہے۔ اس کے علاوہ قشیم جزیرہ کے ایک گاؤں کو بھی امریکی میزائلوں نے نشانہ بنایا۔امریکی فوجی کارروائی کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایران کو سخت دھمکی دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی طیاروں نے جنگ بندی معاہدے کی بار بار
خلاف ورزی کرنے پر ایران کے میزائل، ڈرون اسٹوریج اور ریڈار تنصیبات پر حملہ کیا۔



