حیدرآباد: فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ کے لئے می سیوا مراکز پر درخواستوں کا آغاز، فیس 40 روپے مقرر
حیدرآباد: فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ کے لئے می سیوا مراکز پر درخواستوں کا آغاز، فیس 40 روپے مقرر
تلنگانہ حکومت کی جانب سے فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔ حیدرآباد سمیت ریاست بھر کے می سیوا مراکز پر فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔
حکومت نے اس سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لئے مجموعی فیس 40 روپے مقرر کی ہے، جس میں 33 روپے 90 پیسے بطور یوزر چارج اور 6 روپے 10 پیسے جی ایس ٹی شامل ہے۔
فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو می سیوا مرکز پر راشن کارڈ کی زیراکس کاپی اور خاندان کے سربراہ (ہیڈ آف دی فیملی) یعنی جس کے نام پر راشن کارڈ جاری کیا گیا ہے، اس کے آدھار کارڈ کی زیراکس جمع کرانی ہوگی۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر درخواست قبول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے دو روز قبل فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اس سلسلے میں سرکاری احکامات بھی جاری کئے تھے۔ اس سہولت کا مقصد مختلف سرکاری خدمات اور فلاحی اسکیموں کے لئے خاندان کی تفصیلات کو ایک ہی دستاویز کے ذریعے دستیاب کرانا ہے۔
فی الحال صرف وہی خاندان اس سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں جن کے پاس تلنگانہ حکومت کا درست اور فعال راشن کارڈ موجود ہے۔ جن خاندانوں کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے، انہیں پہلے راشن کارڈ حاصل کرنا ہوگا، اس کے بعد ہی وہ فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔




