حیدرآباد سے لاپتہ لڑکی کا اجمیر شریف میں پتہ چل گیا

حیدرآباد: شہر سے 24 اکتوبر کو لاپتہ ہونے والی 13 سالہ لڑکی ثمرین بیگم کا راجستھان کے اجمیر میں پتہ چل گیا ہے۔ وہ ایک مقامی مدرسے میں زیر تعلیم ہے اور یاقوت پورہ گنگا نگر سے لاپتہ ہوئی تھی۔
لڑکی کے لاپتہ ہونے کے بعد ارکان خاندان نے اتوار کو رین بازار پولیس سے شکایت کی جس پر پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی تھیں۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں ثمرین کو ایک دوسری لڑکی کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا ۔
منگل 27 اکتوبر کو مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے بتایا کہ ثمرین اور اس کے ساتھ موجود لڑکی کا راجستھان کے اجمیر میں پتہ چلا ہے۔ دونوں نابالغ لڑکیاں مقامی پولیس کی نگرانی میں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کی ایک ٹیم ثمرین کی والدہ اور خالہ کے ساتھ رین کے ذریعے اجمیر روانہ ہوگی جہاں سے دونوں لڑکیوں کو بحفاظت حیدرآباد واپس لایا جائے گا۔



