گرفتار ٹرینی آئی پی ایس اودئے کرشنا ریڈی کو چنچل گوڑہ جیل بھیج دیا گیا

حیدرآباد: ساتھی خاتون ٹرینی آئی پی ایس کے ساتھ جنسی زیادی اور ہراسانی کے معاملے میں منگل کی رات گرفتار کیے گئے ٹرینی آئی پی ایس اودئے کرشنا ریڈی کو آج عدالت نے 14 دن تک کیلئے عدالتی تحویل میں رکھنے کے احکامات جاری کئے جس کے بعد پولیس نے انھیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔
18 جولائی کو کرناٹک سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون ٹرینی آئی پی ایس نے عطاپور پولیس سے شکایت کی تھی کہ اودئے کرشنا ریڈی نے ان کے ساتھ جنسی ہراسانی کی ۔نیشنل پولیس اکیڈمی میں پولیس نے متاثرہ کا بیان ریکارڈ کیا اور طبی معائنہ کروایا۔ معائنے میں گردن اور گلے کو دبانے کے نشانات کے ساتھ ساتھ گال اور پیروں پر چوٹ کے نشانات کی تصدیق ہوئی۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد فرار ملزم کو پکڑنے کے لیے پولیس نے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ پولیس نے اونگول، کرناٹک اور دیگر علاقوں میں تلاشی مہم انجام دی اور آخرکار مریال گوڑہ کے قریب اودئے کرشنا ریڈی کا سراغ لگا کر گرفتاری کے بعد اسے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔



