جرائم و حادثات

حیدرآباد میں بڑھتی چوریوں سے شہریوں میں تشویش، مؤثر اقدامات کا مطالبہ

حیدرآباد، 29 جولائی: شہر میں آئے دن پیش آنے والی چوری کی وارداتوں نے شہریوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ لوگ اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔تازہ واقعہ گڈی ملکاپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع مغل نگر، پلر نمبر 101 کے قریب ایک رہائشی کالونی میں پیش آیا جہاں علی الصبح ایک نامعلوم چور نہایت بے خوفی کے ساتھ ایک مکان کا گیٹ کھول کر اندر داخل ہوا اور وہاں کھڑی سائیکل چوری کرکے فرار ہوگیا۔

 

پوری واردات وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی، جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چوروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے انہیں عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کے مطابق اگر معمولی اشیاء اس آسانی سے چوری ہو سکتی ہیں تو مستقبل میں رہائشی مکانات میں قیمتی سامان، نقد رقم اور دیگر املاک بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چوروں کی بے خوفانہ نقل و حرکت پولیس کی گشت اور حفاظتی انتظامات پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہے۔

 

اس سلسلے میں گڈی ملکاپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے، جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اربابِ مجاز سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں

 

تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور شہری اطمینان کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button