بے رحم ماں نے 9 ماہ کی بیٹی کا قتل کردیا۔ حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ
حیدرآباد: ایک ماں نے ہی اپنے نو ماہ کی ننھی بیٹی کی جان لے لی۔ یہ افسوسناک واقعہ حیدرآباد کے ایل بی نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں اتوار کے دن پیش آیا۔
انسپکٹر ونود کمار کے مطابق ضلع نلگنڈہ کے چنتاپلی منڈل سے تعلق رکھنے والے رویندر ریڈی نے سات سال قبل کرناٹک کے ضلع بیدر کی راجیشوری سے شادی کی تھی۔ دونوں ایل بی نگر کے قریب انجاپور میں رہتے ہیں۔ ان کی نو ماہ کی ایک بیٹی تھی جس کا نام انورادھا تھا۔
رویندر ریڈی باٹا سنگارم کے پھلوں کی منڈی میں مزدور (ہمالی) کے طور پر کام کرتا تھا جبکہ راجیشوری گھریلو خاتون بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق وہ گھر کی ذمہ داریوں میں لاپرواہی برتتی تھی اور کئی مرتبہ بچی کو ساتھ لے کر گھر سے چلی جاتی پھر دو سے تین دن بعد واپس آتی۔ اسی بات پر میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
اتوار کے روز مبینہ طور پر شراب پینے کے بعد راجیشوری اپنی بیٹی کو لے کر بیرامل گوڈا کے تالاب میں اتری اور بچی کو پانی میں ڈبو کر قتل کر دیا۔مقامی لوگوں نے یہ دل دہلا دینے والا منظر دیکھ کر اسے پکڑ لیا اور مارپیٹ کر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔
واقعے کی خبر سن کر بچی کا باپ بھی وہاں پہنچا اور اپنی ننھی بیٹی کی نعش کو سینے سے لگا کر زار و قطار روتا رہا۔ بعد ازاں پولیس نے راجیشوری کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔
یہ دردناک منظر دیکھ کر تالاب کے پاس موجود لوگوں کی انکھیں اشکبار ہو گئی اور وہ اس سنگ دل خاتون کی بے رحمی پر حیرت زدہ رہ گئے انہوں نے اس کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس اس معاملے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔



