جرائم و حادثات

حیدرآباد میں کم عمر لڑکے کی تیز رفتار کار ڈرائیورینگ ، دو سگے بھائی زخمی، 7 دو پہیہ گاڑیاں تباہ

حیدرآباد کے علاقہ بورابنڈہ، کارمیکا نگر میں ایک کم عمر لڑکے کی تیز رفتار کار نے شدید تباہی مچا دی۔ کار نے دو سگے بھائیوں کو ٹکر مارنے کے بعد وہاں کھڑی 7 دو پہیہ کی  گاڑیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ حادثہ میں دونوں بھائی زخمی ہوگئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق کارمیکا نگر کے رہائشی راج کمار (60) اور پربھاکر (55) اتوار کے روز موٹر سائیکل پر کہیں گئے تھے۔ کچھ دیر بعد واپس آکر اپنے گھر کے سامنے گاڑی پارک کر رہے تھے کہ اسی دوران انتہائی تیز رفتاری سے آئی ایک کار بے قابو ہو کر سیدھا ان پر چڑھ گئی۔ کار دونوں کو ٹکر مارنے کے بعد ان کے اوپر سے گزرتی ہوئی قریب میں کھڑی مزید سات دو پہیہ کی گاڑیوں سے جا ٹکرائی۔

 

حادثے کی آواز سن کر مقامی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کار کے نیچے پھنسے دونوں بھائیوں کو نکال کر فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی پربھاکر کی حالت نازک ہے۔

 

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد جب مقامی افراد زخمیوں کو بچانے میں مصروف تھے، اسی دوران کار چلا رہا کم عمر لڑکا  موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا۔ وہ ڈرائیونگ سیٹ سے اتر کر ایسے چلنے لگا جیسے اسے کچھ معلوم ہی نہ ہو، تاہم مقامی افراد نے اس کا تعاقب کرکے اسے پکڑ لیا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا۔

 

پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button