جرائم و حادثات

تلنگانہ کی عادل آباد پولیس نے چوری کرنے والی بنگلہ دیش کی گینگ کو پکڑ لیا

عادل آباد – تلنگانہ کی عادل آباد ضلع پولیس نے ماول پولیس اسٹیشن حدود میں کیلاش نگر میں ایک معروف سیاسی لیڈر کے مکان میں ہوئی سرقہ کی واردات کا کامیابی سے پردہ فاش کرتے ہوئے بین الاقوامی اور بین الریاستی جرائم میں ملوث ایک گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدگان میں دو بنگلہ دیشی شہری اور ایک ہندوستانی شامل ہے۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن  نے پیر کو پریس کانفرنس میں اس کی تفصیلات بتائیں۔

 

ضلع ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمین کی شناخت محمد جانی علی (30)، محمد رومان علی (33) اور ترون سنگھ (29) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں بنگلہ دیشی ملزمین غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوئے تھے اور راجستھان میں مقیم تھے، جبکہ ترون سنگھ مدھیہ پردیش کا رہنے والا ہے۔

 

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مرکزی ملزم محمد جونی علی گزشتہ تقریباً 9 برسوں سے راجستھان، اڈیشہ، کرناٹک، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور تلنگانہ سمیت مختلف ریاستوں میں مکانات کے تالے توڑ کر چوریاں اور دو پہیہ گاڑیوں کی چوریاں کرتا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق اس نے غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہو کر جعلی آدھار کارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

 

ایس پی نے بتایا کہ ملزمین دن کے وقت ککر اور گرائنڈر فروخت کرنے کے بہانے کالونیوں میں گھوم کر گھروں کی ریکی کرتے تھے اور رات کے وقت تالے توڑ کر چوری کی وارداتیں انجام دیتے تھے۔ محمد جونی علی کے خلاف مختلف ریاستوں میں آٹھ سے زائد جبکہ ترون سنگھ کے خلاف چھ سے زائد مقدمات درج ہیں۔

 

پولیس نے ملزمین کے قبضے سے 73.05 گرام سونا، 151.30 گرام چاندی، 4,270 روپے نقد، پانچ آئی فون، دو سام سنگ موبائل فون، ایک ایپل آئی پیڈ اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی ایک دو پہیہ گاڑی برآمد کی۔ برآمد شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

 

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ محمد جونی علی گزشتہ چند برسوں میں 10 سے 12 مرتبہ غیر قانونی طور پر بنگلہ دیش سے بھارت آیا، مختلف ریاستوں میں چوریاں کرنے کے بعد واپس بنگلہ دیش فرار ہوتا رہا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے روابط 12 سے 15 بنگلہ دیشی افراد پر مشتمل ایک بڑے چور گینگ سے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

 

ایس پی اکھل مہاجن نے کہا کہ اس گینگ کے دیگر ارکان، انہیں جعلی دستاویزات فراہم کرنے والوں اور غیر قانونی قیام میں مدد کرنے والے افراد کے کردار کی بھی مختلف ریاستوں کی پولیس کے تعاون سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں اور بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

 

ایس پی نے کیس کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے ماول سی آئی بی ڈی پریم کمار، سائبر کرائم ایس آئی گوپی کرشنا اور دیگر پولیس اہلکاروں کو مبارک باد پیش کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button