وارڈ نمبر 7 میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی (SIR) پروگرام کی صد فیصد تکمیل، بی ایل اوز کی تہنیت

وارڈ نمبر 7 میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی (SIR) پروگرام کی صد فیصد تکمیل، بی ایل اوز کی تہنیت
مکتھل: 3 اگست (اردو لیکس) مکتھل میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 7 کے پولنگ بوتھ نمبر 158 اور 159 میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی (SIR) پروگرام کے تحت مقررہ مدت میں صد فیصد تکمیل پر مجلس بلدیہ کے معاون رکن بی شمش الدین کی جانب سے ایک پروقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر بی ایل اوز نرسنگما، مرلی گوڑ اور انجنیلو کو شال پوشی اور گلپوشی کے ذریعہ مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی محنت، دیانت داری اور فرض شناسی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی درستگی اور شفافیت جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے۔ ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی کے دوران متعلقہ بی ایل اوز نے گھر گھر پہنچ کر عوام سے رابطہ قائم کیا، اہل ووٹرس کی معلومات کی جانچ کی اور مقررہ وقت میں صد فیصد عمل کی تکمیل کو یقینی بنایا، جو قابلِ ستائش کارنامہ ہے۔
بی شمش الدین نے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کو دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دینے والے ملازمین ہر طرح کے اعزاز کے مستحق ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبۂ خدمت کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے کام انجام دیے جائیں گے۔
اس موقع پر محمد اسحاق رائچوری، شفیع، رائچوری رؤف، جنید، یوسف اور دیگر معززین موجود تھے۔ شرکاء نے بی ایل اوز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



