تلنگانہ

تلنگانہ ہائی کورٹ نے صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کی معیاد 25 اگست تک بڑھا دی

تلنگانہ ہائی کورٹ نے صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کی معیاد 25 اگست 2026 تک بڑھا دی

 

حیدرآباد، 4 اگست: تلنگانہ ہائی کورٹ نے 3 اگست 2026 کو ہونے والی سماعت کے دوران موجودہ صحافتی ایکریڈیشن کارڈز کی معیاد میں 25 اگست 2026 تک توسیع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

 

عدالت نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (TUWJF) کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اپنے سابقہ عبوری احکامات کو برقرار رکھا۔ سماعت کے دوران فیڈریشن کی جانب سے معروف وکیل برکت علی خان نے مؤثر انداز میں دلائل پیش کیے۔

 

دورانِ سماعت سرکاری فریق نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کی اکثریت کو صحافتی ایکریڈیشن کارڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ تاہم درخواست گزار فیڈریشن کی جانب سے اس دعوے پر سخت اعتراضات اٹھائے گئے، جس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جاری کیے گئے تمام ایکریڈیشن کارڈز کی مکمل تفصیلات اور فہرست عدالت میں پیش کی جائے۔

 

عدالت نے دونوں فریقین کو آگاہ کیا کہ آئندہ تاریخِ سماعت سے مقدمے کی حتمی سماعت اور دلائل کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی دونوں فریقوں کو ہدایت دی گئی کہ مقررہ تاریخ سے قبل تمام متعلقہ دستاویزات اور شواہد عدالت میں جمع کرائیں۔

 

درخواست گزار فیڈریشن کی جانب سے واقعات کی تاریخ وار تفصیلات پر مشتمل فہرست اور سرکاری حکام کی جانب سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں مبینہ کوتاہیوں پر مبنی ایک رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی، جسے عدالت نے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔

 

عدالت کی جانب سے صحافتی ایکریڈیشن کارڈز کی معیاد میں توسیع کے اس فیصلے سے ریاست بھر کے ورکنگ جرنلسٹس کو مقدمے کے زیرِ التوا رہنے کے دوران اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی، سرکاری تقریبات تک رسائی اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ دیگر سہولیات سے استفادہ جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

 

عدالت نے اس مقدمے کی آئندہ سماعت اور حتمی دلائل کے آغاز کے لیے 25 اگست 2026 کی تاریخ مقرر کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button