جرائم و حادثات

سالن میں زہر ملا کر شوہر اور ساس کو مارنے کی کوشش – تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں خاتون گرفتار

نظام آباد: تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے موپال منڈل کے مدک پلی گاؤں میں ایک خاتون نے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے پر اپنے شوہر اور ساس کو زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔

 

ایس ایچ او سشمیتا کے مطابق، گاؤں کی رہنے والی 33سالہ سونی  نے اپنے شوہر  بھومیا اور ساس بھودیوّا کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ اس نے ہفتہ کے روز گھر میں تیار کئے گئے سالن میں زرعی مقصد کے لئے استعمال ہونے والی زہریلی دوا ملا دی۔

 

دوپہر کے کھانے کے بعد ساس بھودیوّا کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں شدید قے اور دست شروع ہوگئے۔ بعد میں جب شوہر نے وہی سالن کھایا تو اس میں زہریلی دوا کی بو محسوس ہونے پر کھانا چھوڑ دیا، تاہم کچھ مقدار کھانے سے اسے چکر آنے لگی اس نے فوری طور پر مقامی افراد کو اطلاع دی۔

 

مقامی افراد نے دونوں کو فوری طور پر ضلع سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں بروقت علاج کے باعث ان کی جان بچ گئی۔ متاثرین کی شکایت پر پولیس نے سونی کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی،

 

جس دوران اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اتوار کی رات اسے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، بھومیا اور سونی کے تین بچے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button