کانگریس وفد کی چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات -15 اگست کو تلنگانہ بھر میں گرام سبھائیں منعقد کرنے کا مطالبہ

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کی الیکشن کمیشن کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین راجیش کمار نے کمیٹی کے اراکین گوپی شیٹی راگھویندر، واجد حسین اور کاسابا سرینواس کے ہمراہ چیف الیکٹورل آفیسر سی. سدھرشن ریڈی، آئی اے ایس سے ملاقات کرکے ایک یادداشت پیش کی۔
یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ یومِ آزادی 15 اگست کے موقع پر ریاست تلنگانہ کے تمام دیہات میں گرام سبھائیں منعقد کی جائیں، جیسا کہ ملک کے مختلف حصوں میں روایت کے مطابق کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ مینوئل 2023 کے پیراگراف 11.2.2.6 کے مطابق گرام سبھاؤں میں مکمل مسودہ ووٹر فہرست بلند آواز میں پڑھ کر سنائی جانی چاہیے۔
پلپاٹی راجیش کمار نے کہا کہ چونکہ مردم شماری (Enumeration) کا مرحلہ 10 اگست کو مکمل ہو رہا ہے اور اس وقت تک غیر حاضر (Absent)، منتقل شدہ (Shift)، نقل (Duplicate) اور فوت شدہ (Dead) ووٹروں یعنی ASDD کی فہرست بھی تیار ہو جائے گی، اس لیے گرام سبھاؤں میں بی ایل اوز ان فہرستوں کو بھی عوام کے سامنے پڑھ کر سنائیں تاکہ اگر کسی ووٹر کو کوئی اعتراض یا شکایت ہو تو وہ 17 اگست کو مسودہ ووٹر فہرست کی اشاعت کے بعد اپنی شکایت درج کرا سکے۔
انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر کو جھارکھنڈ حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر بھی پیش کیا اور بتایا کہ جھارکھنڈ میں بھی یہی طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس لیے تلنگانہ میں بھی شفاف اور درست ووٹر فہرستوں کی تیاری کے لیے اسی عمل کو نافذ کیا جانا چاہیے۔



