متحدہ عرب امارات میں میزائل حملوں کا خطرہ ۔وزارت دفاع نے شہریوں کو الرٹ رہنے کی دی ہدایت

نئی دہلی ۔ مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر جوابی حملے کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
اسی صورتحال کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات نے ایک بار پھر اپنے شہریوں اور رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے ملک کی جانب ممکنہ میزائل حملے کے خطرے کی نشاندہی کی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور حکام کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق فضائیہ نے ملک کی طرف دو میزائلوں کا سراغ لگایا دونوں سمندر میں گر گئے۔ بیان کے مطابق وزارت دفاع اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ وہ ہائی الرٹ پر ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور متحدہ عرب امارات کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا مضبوطی سے جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
وزارت عوام سے ملک کے سرکاری حکام سے تمام معلومات حاصل کرنے اور افواہوں اور غلط معلومات سے بچنے کی بھی اپیل کی ہے۔یہ الرٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان دو ماہ قبل طے پانے والے عبوری مفاہمتی معاہدے کی مدت 17 اگست کو ختم ہوئی ہے۔
اس کے فوراً بعد میزائل حملوں کے ممکنہ خطرے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے عوام کو خبردار کیے جانے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔




