این آر آئی

یو اے ای میں ہندوستانیوں کو غیر مجاز ایجنٹوں سے چوکس رہنے کی ہدایت

دبئی میں ہندوستانی قونصل خانے نے متحدہ عرب امارات (UAE) میں مقیم ہندوستانی شہریوں، خصوصاً بلیو کالر ملازمین کو غیر مجاز ایجنٹوں سے محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ قونصل خانے نے ویزا کی تجدید و باقاعدگی، ہنگامی دستاویزات، ایگزٹ پرمٹ، ایمریٹس آئی ڈی اور روزگار کے سلسلے میں مدد کا وعدہ کرنے والے افراد پر بھروسہ نہ کرنے اور کسی بھی صورت میں اپنے بایومیٹرک تفصیلات شیئر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 

قونصل خانے کے مطابق، ایسے جعلی ایجنٹوں کی جانب سے متاثرین کی اجازت کے بغیر فنگر پرنٹ، چہرے اور دیگر بایومیٹرک معلومات حاصل کرکے ان کا غلط استعمال کئے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ ان معلومات کے ذریعے متاثرین کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولنے، قرض حاصل کرنے اور کریڈٹ کارڈ لینے جیسے مالی معاملات انجام دیئے جارہے ہیں، جبکہ متعلقہ شخص کو اس کی اطلاع تک نہیں ہوتی۔

 

قونصل خانے نے واضح کیا کہ ایگزٹ پرمٹ، ایمریٹس آئی ڈی یا ویزا کی باقاعدگی کے لیے بایومیٹرک اسکین ضروری ہو تو ہندوستانی شہری اپنی معلومات صرف یو اے ای حکومت کے مجاز مراکز یا کاؤنٹرس پر ہی فراہم کریں۔

 

اس کے علاوہ دبئی اور ابوظہبی میں واقع ہندوستانی سفارتی دفاتر ہندوستانی پاسپورٹ یا ہنگامی سفری دستاویزات جاری کرنے کے لیے درخواست گزاروں سے فنگر پرنٹ، چہرے یا آنکھوں کا اسکین نہیں لیتے۔ اس لئے سفارتخانے کے نام پر بایومیٹرک معلومات طلب کرنے والے ایجنٹوں پر بھروسہ نہ کیا جائے۔

 

قونصل خانے نے کسی بھی مشتبہ معاملے کی تصدیق اور مدد کے لیے ٹول فری نمبر 80046342، واٹس ایپ یا ایس ایم ایس نمبر 00971543090571 اور ای میل pbsk.dubai@mea.gov.in کے ذریعے پرواسی بھارتی سہایتا مرکز سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 

قونصل خانے نے ہندوستانیوں سے کہا ہے کہ کسی بھی معاملے میں معلومات کی پہلے تصدیق کریں اور دھوکہ دہی کا شبہ ہونے پر فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button