عادل آباد اور ورنگل ایرپورٹس کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کی مرکزی وزیر شہری ہوا بازی سے ملاقات

نئی دہلی: تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو سے اپیل کی ہے کہ ریاست میں عادل آباد اور مامونور (ورنگل) ہوائی اڈوں کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔
وزیرِ اعلیٰ نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ مامونور ایئرپورٹ کے لیے درکار اراضی کے حصول کا عمل مکمل کرکے زمین ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کر دی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے آج دہلی میں شہری ہوا بازی کی وزارت کے دفتر، راجیو گاندھی بھون میں مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو سے ملاقات کی۔
وزیرِ اعلیٰ نے مرکزی وزیر سے عادل آباد ایئرپورٹ پر کارگو اور مسافر ٹرمینل کے ساتھ ساتھ ایم آر او (مینٹیننس، ریپئرز اینڈ اوورہالنگ) کی سہولیات قائم کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے عادل آباد میں رن وے کے حتمی تعین کے سلسلے میں وزارتِ دفاع اور شہری ہوا بازی کی وزارت کے درمیان مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی درخواست بھی کی۔
مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی کو بتایا کہ مامونور ایئرپورٹ کے ٹینڈرسدو ہفتوں کے اندر طلب کیے جائیں گے جبکہ دسمبر تک ٹینڈر کا عمل مکمل کرکے اسی ماہ تعمیراتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھنے کا منصوبہ ہے۔وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو سے تلنگانہ میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہیلی ٹورزم کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی اپیل کی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہیلی ٹورزم کے فروغ سے ریاست کے سیاحتی شعبے کو مزید ترقی دینے کے امکانات پیدا ہوں گے۔



